کوویڈ۔19 لاک ڈائون کی وجہ سے بھارت میں پھنسے ہوئے 176 مزید پاکستانی اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے (آج) وطن واپس پہنچیں گے،دفتر خارجہ

منگل 26 مئی 2020 19:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) کوویڈ۔19 لاک ڈائون کی وجہ سے بھارت میں پھنسے ہوئے 176 مزید پاکستانی اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے (آج) بدھ کو وطن واپس پہنچیں گے۔ منگل کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ پاکستانی چھتیس گڑھ، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، پنجاب، راجستھان، اترپردیش، اتراکھنڈ اور دہلی سمیت بھارت کی مختلف ریاستوں میں لاک ڈائون میں توسیع اور کورونا وائرس کی وجہ سے اٹاری واہگہ بارڈر بند ہونے کے باعث پھنسے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو محفوظ اور باآسانی وطن واپس لانے کیلئے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں نئی دہلی میں پاکستانی کا ہائی کمیشن بھارتی حکام کے ساتھ رابطہ میں تھا اور دفتر خارجہ پاکستان میں دیگر قومی اداروں کے ساتھ رابطہ کا فریضہ سرانجام دے رہا تھا۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے لاک ڈائون کے دوران 20 سے زائد بھارتی مختلف شہروں سے ان پاکستانیوں کو اٹاری تک منتقل کرنے کیلئے سہولت فراہم کی۔ 20 مارچ سے اب تک اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت سے 400 سے زائد پھنسے ہوئے پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ بیان کے مطابق باقی تمام پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی تک وزارت خارجہ کی کوششیں جاری رہیں گی۔