ٹوئٹر کی طرح امریکی صدر کی پوسٹس پر کارروائی نہیں کریں گے، فیس بک

جمعرات 28 مئی 2020 23:46

ٹوئٹر کی طرح امریکی صدر کی پوسٹس پر کارروائی نہیں کریں گے، فیس بک
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ان کا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے نقش قدم پر چل کر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹس پر حقائق کی جانچ پڑتال نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ منگل کو پہلی بار امریکی صدر کی کچھ ٹوئٹس پر فیکٹ چیکنگ ٹیگ نظر آئے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹس میں بغیر ثبوت کہا کہ میل کے ذریعے ووٹنگ سے فراڈ اوردھاندلی زدہ انتخاب ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر نے ٹرمپ کے ٹوئٹس کے نیچے ایک لنک دیا جس میں تحریر کیا گیا کہ میل ان بیلٹس کے بارے میں حقائق جانیی' اور صارفین کو ان دعوؤں کے جھوٹے ہونے کی نشان دہی کرنا پڑی اور میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ بھی دیا گیا۔یہی میسجز انہوں نے فیس بک پر بھی کیے تھے مگر اس سوشل میڈیا سائٹ نے کسی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔اب فیس بک کے بانی نے کہا کہ اس حوالے سے ہماری پالیسی ٹوئٹر سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ فیس بک آن لائن لوگوں کی باتوں کے حقائق کا تعین کرنے والا پلیٹ فارم نہیں، میرے خیال میں عام اور نجی کمپنیوں کو ایسا کرنا بھی نہیں چاہیے، خصوصاً سوشل میڈیا کمپنیوں کو۔