پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کرونا وائرس کی بدولت پاکستان میں ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی اموات پر گہری تشویش کا اظہار

جمعہ 29 مئی 2020 23:10

۴ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کرونا وائرس کی بدولت پاکستان میں ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی اموات پر گہری تشویش کا اظہار ،ڈاکٹروں کا تحفظ سنجیدہ مسئلہ ہے ،اس کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔کرونا کے مریضوں میں اضافے کے باعث ہسپتالوں میں سہولیات میں اضافہ کیا جائے ،ہسپتالوں میں فوری طور پر تربیت یافتہ عملے کی تعداد بڑھائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجادنے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو ڈاکٹر اس مہلک وائرس سے موت کا شکار ہوئے ہیں ان میں سے ایک ڈاکٹر ثنائ فاطمہ تھیں جن کا تعلق لاہور سے تھا اور دوسرے ڈاکٹر زبیر احمد تھے جن کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔

(جاری ہے)

ابھی چند دن پہلے کوئٹہ میں ڈاکٹر نعیم آغا بھی کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔

یہ تمام ڈاکٹر کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں صفِ اول کے سپاہی تھے ہم ان ڈاکٹروں کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ فرنٹ لائن سولجر ہونے کے ناطے سب سے زیادہ ڈاکٹر کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہیں اسی لئے ڈاکٹروں میں کرونا مثبت ہونے کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور وہ آئیسولیشن میں جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا تحفظ ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے ہم اس کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔

ہم وزیر اعظم پاکستان اور تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو خطوط کے ذریعے صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کر چکے ہیں۔ بد قسمتی سے ہمارے نظام میں کچھ کمزوریاں ہیں جن کی وجہ سے ڈاکٹر شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب لاک ڈائن کے خاتمے کے بعد تقریباً تمام کاروبار کھلے ہوئے ہیں اور ان حالات میں ملک میں روز بروز کووڈ۔19 کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں۔

کرونا کے مریضوں میں اس اضافے کی وجہ سے حکومت کو چاہیے کہ ہسپتالوں میں سہولیات میں اضافہ کیا جائے۔ہسپتالوں میں فوری طور پر تربیت یافتہ عملے کی تعداد بڑھائی جائے۔ ہسپتالوں میں بیڈز ، وینٹی لیٹرز ، سی پیپ اور بائی پیپ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد کا مزید کہنا تھا کہ صحت کارکنوں کے لئے دن بدن صورتحال خراب ہو رہی ہے اس لئے ہم ایک دفعہ پھر ارباب اختیار سے گزارش کرتے ہیں کہ فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ حکومت ، ڈاکٹرز ، سیاسی جماعتوں اور مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کرونا وائرس سے محفوظ رہیں۔ ۔