کوئٹہ ،ہزارہ ٹائون میں نوجوان پر تشدد کر کے قتل کرنے کے شبے میں 11افراد گرفتار ایس ایچ او بروری روڈ تھانہ سمیت 5اہلکار معطل

ہفتہ 30 مئی 2020 17:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹائون میں نوجوان پر تشدد کر کے قتل کرنے کے شبے میں 11افراد گرفتار ایس ایچ او بروری روڈ تھانہ سمیت 5اہلکار معطل ، مقتول کے لواحقین کا لاش کے ہمراہ ریڈزون کے باہر دھرنا قاتلوں کی گرفتار کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹائون میں ویڈیو بنانے پر مشتعل ہجوم نے تشدد کرکے بلال نامی نوجوان کو قتل جبکہ اسکے دیگر دوساتھیوں کو شدید زخمی کردیا جس کے نتیجے میں کوئٹہ کے سیاسی و سماجی حلقوں نے نے شدید رد عمل کا اظہار جبکہ جاں بحق نوجوان کے لواحقین نے بلال خان کی لاش ریڈ زون کے باہر رکھ کر دھرنا دے دیا ۔

دھرنے سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی سمیت سیاسی ،سماجی و تاجر رہنمائوں نے اظہار یکجہتی کیا اور قاتلوں کی گرفتارکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے اگر کسی نے کوئی غلط کام کیا تھا تو قانونی راستہ اپنایا جاتا اس طرح بے دردی سے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانا بد ترین انتہا پسندی ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دھرنے کے شرکاء سے اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی نے مذاکرات کئے تاہم مظاہرین نے قاتلوں کی گرفتار ی تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی جس کی روشنی میں وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو غیر جانبدارنہ تحقیقات کا حکم دیا اور لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء میر ضیا ء لانگو اور نور محمد دمڑ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جس نے دھرنے کے شرکاء سے مذاکرات کئے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر دھرنے کے شرکاء نے احتجاج ختم کرتے ہوئے جاں بحق نوجوان کی تدفین کردی ، دریں اثناء ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نے ہزارہ ٹائون واقعہ میں غفلت برتنے والے ایس ایچ اور بروری روڈ تھانہ عزت اللہ، ڈیوٹی آفیسر سب انسپکٹر محمد اقبال، ایس ایچ او کے گن مین محمد رضوان ، ڈرائیوراورنگزیب ،اور کانسٹیبل لیاقت علی کو معطل کرتے ہوئے فوری طور پر فیاض سنبل شہید پولیس لائن رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی دوسری جانب اے آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق ہزارہ ٹائون واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث11افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے مزید کارروائی جاری ہے۔