) عمران خان نے ریاست مدینہ کیلئے آواز بلند کی ہے، ختم نبوت کو چھیڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، شوکت علی یوسفزئی

اتوار 31 مئی 2020 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2020ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کیلئے آواز بلند کی ہے، ختم نبوت کو چھیڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، ہمارا پختہ یقین ہے کہ محمد ؐآخری نبی ہیں، حکومت کیخلاف مسترد شدہ لوگ سازشیں کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان پر مراعات بند ہونے کے بعد ان کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، مولانا نے حکومتوں میں ہونے کے باوجود بھی ریاست مدینہ یا اسلامی فلاحی ریاست کی بات نہیں کی، شانگلہ کو پورے ملک سے جوڑنے اور عوامی مشکلات کے خاتمے کیلئے 2 ارب 80کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کا جال بچھایا جا رہاہے، سیاحتی مقامات کو پرکشش بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے برج بانڈہ اور کافر بانڈہ میں مختلف سڑکوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق اُمیدوار قومی اسمبلی وقار خان، پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر حاجی سدید الرحمان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان صوبے کے پسماندہ علاقوں اور نئے سیاحتی مقامات کی دریافت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ان سڑکوں کی تعمیر سے شانگلہ سیاحوں کا حب بن جائے گا جس سے ایک طرف یہاں پر سیاحت کو فروغ ملے گا تو دوسری طرف عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہونگے اور معیشت بھی مستحکم ہوجائے گی،انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور انکی ٹیم کیخلاف مسترد شدہ لوگوں کی سازشوں کے حوالے سے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست کاخاتمہ ہو چکا ہے، جس طرح عوام نے اُن کو گزشتہ الیکشن میں مسترد کیا اسی طرح آئندہ بھی اُن کو آئینہ دکھائیں گے، مولانا پر حکومتی مراعات بند ہونے کے بعد وہ حواس باختہ ہو چکے ہیں اور حکومت کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں کا سہارا لے رہے ہیں لیکن عوام مولانا کو جان چکی ہے ، گذشتہ کئی ادوار میں حکومتوں میں رہنے کے باوجود بھی انہوں نے ریاست مدینہ یا اسلامی فلاحی مملکت کی بات نہیں کی اور نہ ہی اس کیلئے تگ و دو کی، انہوں نے صرف اپنے عہدے اور مراعات کھانے پر توجہ دی، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ختم نبوتؐ پر سودے بازی یا چھیڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، مفتی صاحبان ان مفاد پرستوں کا محاسبہ کریں۔

عمران خان نے ریاست مدینہ کیلئے آواز بلند کی ہے انشاء اللہ ان نام نہاد ٹھیکیداروں کے ہوتے ہوئے ملک کو فلاحی اسلامی مملکت بنائیں گے۔