ٴْحیدرآباد پریس کلب پر مختلف تنظیموں اور افراد کا اپنے مطالبات کی حمایت میں الگ الگ مظاہرے

اتوار 31 مئی 2020 21:20

cحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2020ء) حیدرآباد پریس کلب پر مختلف تنظیموں اور افراد نے اپنے مطالبات کی حمایت میں الگ الگ مظاہرے کئے۔سندھ میں فصلوں پر ٹڈی دًل کے حملے نہ روکے جانے کیخلاف کمیونسٹ پارٹی حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیااور نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر کیمونسٹ پارٹی کے رہنما کامریڈ اقبال اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹڈی دًل پورے سندھ میں پھیل چکی ہے جس کے سبب فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

حکومت کی طرف سے ٹڈی دًل کے روک تھام کیلئے کوئی بھی عملی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جس کے باعث آنے والے وقتوں میں سند ھ میں قحط سالی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ برساتوں کا موسم ہے اوپر سے ٹڈی دًل کے حملوں نے فصلوں کو تباہی سے دوچار کیا ہو اہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہاریوں اور چھوٹے آبادگاروں نے فصلوں پر قرض لیا ہوا ہے اس کی وجہ سے ان کی صورتحال بہت خراب ہے ، فصلیں پہلے ہی ٹڈی دًل کے حملے سے تباہ ہورہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں ٹڈی دل کے حملے سے ہونے والے نقصان کا سروے کرواکر سندھ کو آفت زدہ قرار دیا جائے ، آبیانہ اور دیگر قرض معاف کئے جائیں۔ سندھ میں جعلی ڈومیسائل بنائے جانے کیخلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ سندھ ہاری کمیٹی کے سینئر نائب صدر ثمر حیدر جتوئی، عوامی تحریک کے بابر میمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جعلی ڈومیسائل بناکر مقامی افراد کی حق تلفی کی جارہی ہے جس سے مقامی سطح پر بیروزگاری اور بدحالی پیدا ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ جعلی ڈومیسائل بنانا سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے ۔ سندھ کے عوام سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں ۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ سندھ اسمبلی میں اس حوالے سے قانون سازی کرکے جعلی ڈومیسائل بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اور اس میں ملوث افرا دکیخلاف کارروائی کی جائے۔گوٹھ بکر جمالی کے رہائشی جمالی برادری کے افراد پر بااثر لوگوں کے حملے اور فائرنگ کئے جانے کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے جمن جمالی ، نبی بخش جمالی اور دیگر کا کہنا تھا کہ عید کی رات گوٹھ کے بااثر افراد شوکت جمالی، وزیرعلی، امیر علی ، امیر بخش سمیت دیگر نے ہمارے گھروں پر حملہ کرکے فائرنگ کی اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کرکے کئی لوگوں کو زخمی کردیا اور گوٹھ میں لگی زمینوں اور واٹر کورس پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعید آباد پولیس ملزمان کیخلاف کیس داخل کرنے کے بجائے ہم ہی کو خوفزدہ کررہی ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تحقیقات ڈی ایس پی سراج لاشاری سے کروائی جائے ، انہوںنے پہلے بھی ہمارے حق میں فیصلہ دیا اس کے باوجود ایس ایس پی مٹیاری جانبداری رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔