گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، رکن اسمبلی عبدالجبار خان

اتوار 31 مئی 2020 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، موجودہ وفاقی حکومت جوکہ مسلم لیگ کی سابق حکومت کو بجلی کی لوڈشیڈنگ پر تنقید کا نشانہ بناتی تھی آج اس کے دور میں سب سے زیادہ بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سندھ کے عوام سخت پریشان ہیں، ایک بیان میں عبدالجبار خان نے کہاکہ اب جبکہ کاروباری سرگرمیاں اور صنعتوں میں پیداواری عمل بہت کم رہ گیا ہے اس کے باوجود دن میں 6سے 8 گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ پہلے ہی عوام گرمی کی وجہ سے پریشان ہیں اوپر سے بجلی کی طویل دورانیہ کی بندش نے اُن کا جینا دوبھر کردیا ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں خراب ہونے والے ٹرانسفارمر کئی کئی دن تک صحیح نہیں کئے جاتے، عوام دفاتر کے چکر لگالگاکر پریشان ہوگئے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے کیونکہ عوام حکومت کو ٹیکس دیتی ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ اُن کے مسائل کو حل کریں، انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے صنعتی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں لہٰذا فوری طورپر اس طرف توجہ دی جائے۔