قطر ائیرویز نے پاکستان کیلئے شیڈول پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دیں

فیصلے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں، خلیجی ائیرلائن پاکستان کیلئے ہر ہفتے 46 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی

muhammad ali محمد علی بدھ 3 جون 2020 19:10

قطر ائیرویز نے پاکستان کیلئے شیڈول پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2020ء) قطر ائیرویز نے پاکستان کیلئے شیڈول پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دیں، فیصلے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں، خلیجی ائیرلائن پاکستان کیلئے ہر ہفتے 46 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے مشہور ترین قطر ائیرویز نے اچانک پاکستان کیلئے شیڈول تمام پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق قطر ائیرویز کی جانب سے پاکستان کیلئے شیڈول پروازیں عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں۔ تاہم خلیجی ائیرلائن کے حکام نے تاحال پاکستان کیلئے پروازیں منسوخ کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی۔ بتایا گیا ہے کہ قطر ائیرویز اس فیصلے سے قبل ہر ہفتے 46 پروازیں چلا رہی تھی۔ قطر ائیرویز پاکستان کے 4 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور کیلئے پروازیں آپریٹ کررہی تھی۔

(جاری ہے)

کرونا وائرس لاک ڈاون پابندیوں میں نرمی کیے جانے کے بعد پاکستان کے سول ایوی ایشن ادارے نے قطر ائیرویز کے طیاروں کو پاکستان میں لینڈنگ کیلئے خصوصی اجازت دی تھی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ قطر ائیرویز کو گزشتہ روز اس وقت تنازعے کا سامنا کرنا پڑا جب یونان نے قطر کیلئے فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ قطر ائیرویز کے ذریعے یونان پہنچنے والے 9 پاکستانی شہروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس واقعے کے بعد ہی یونان نے فوری طور پر قطر کیلئے فضائی آمد و رفت معطل کر دی۔