بھارت مسلمانوں کو کرونا کے پھیلا ئوکا ذمہ دار قرار دیکر تضحیک کررہا ہے، شاہ محمود قریشی

بھارت مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزیوں سے امن پسند شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے، عالمی برادری بھارت کے منفی رویے کا نوٹس لے، وزیرخارجہ کی کینیڈین وزیر سے ویڈیولنک رابطے کے دوران گفتگو

بدھ 3 جون 2020 23:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانوں کو کرونا وبا کے پھیلا کا ذمہ دار قرار دے کر تضحیک کررہا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا، شاہ محمود قریشی نے کینیڈین وزیر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا، دونوں وزرا کے مابین دو طرفہ تعلقات، کرونا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر مظالم کررہی ہے، بھارت اپنی ہندوتوا سوچ پر عملدرآمد سے خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزیوں سے امن پسند شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے، عالمی برادری کو بھارت کے منفی رویے کا نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان محدود وسائل کے ساتھ عالمی وبا سے نبرد آزما ہے، لاکھوں غریب پاکستانیوں کی معاشی معاونت کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت کرونا کی انتہائی سطح کو چھو رہا ہے ہمیں بیک وقت دو چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف کرونا کا پھیلائو روکنا، دوسری طرف عوام کو بھوک اور غربت سے بچانا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے لیے ڈیٹ ریلیف کی فراہمی کی تجویز دی، خوشی ہے کہ جی 20 اور دیگر اہم فورمز پر اس تجویز پر عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔