بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ممنوعہ، مضر صحت اور زائدالمیعاد اشیاء خوردونوش کی موجودگی و فروخت پر سات مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے

جمعرات 4 جون 2020 17:55

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ممنوعہ، مضر صحت اور زائدالمیعاد اشیاء خوردونوش کی موجودگی و فروخت پر سات مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔ بی ایف اے معائنہ ٹیم نے مذکورہ کاروائی سیٹلائٹ ٹاؤن نیواڈہ کے علاقہ میں کی جہاں قائم ہول سیل ٹریڈرز،جنرل سٹورز اور ٹی اسٹورز سمیت مختلف کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود مضر صحت مشروبات،چائنیز نمک،گٹکا پان پراگ اور دیگر مختلف زائدالمیعاد اشیاء خورد نوش کی وافر مقدار برآمد ہونے پر ان مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

چیکنگ کے دوران بی ایف اے حکام نے متعدد مراکز میں فروخت کے لیے موجود خشک دودھ اور چائے کی پتی کے نمونے بھی حاصل کیے جنہیں بعدازاں لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا،علاوہ ازیں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے معائنے کے دوران متعدد مراکز کو وارننگ واصلاحی نوٹس جاری کیے جبکہ مراکز مالکان کو ناقص اشیاء کا کاروبار نہ کرنے، عوام کو معیاری و محفوظ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے اور صفائی کے تمام تر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی،اس سلسلے میں مالکان اور مراکز میں کام کرنے والے ورکرز کو خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے جبکہ اس حوالیسے انہیں آگاہی بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی غیر معیاری اور مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء کے تدارک کے لیے بلا تعطل کاروائیاں کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیمیں مختلف مراحل میں اشیاء خوردونوش کی پروڈکشن اور فروخت کے تمام مراحل کی نگرانی کے لیے متحرک ہے تاکہ لوگوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔