حکومت سندھ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی اور صحت کے شعبہ میں بھاری کرپشن کی، فیصل واوڈا

منگل 9 جون 2020 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2020ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اپنے صوبہ کے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی جس نے صحت کے شعبہ میں بھاری کرپشن کی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کے لئے وفاقی حکومت سے 55 ارب روپے وصول کئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سادگی کے ذریعہ قومی معیشت کی بچت کررہی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے ادوار میں معیشت کو نقصان پہنچایا اور ان کی قیادت بڑے پیمانے پر لوٹ مار میں ملوث رہی فیصل واوڈا نے کہا کہ کورونا پر سیاست نہ کی جائے بلکہ عوام کو اس مہلک وباء کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور لوگوں کو چاہئے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی اقدامات اورایس اوپیز پر عمل کریں انہوںنے کہا کہ طویل لاک ڈائون مسئلہ کا حل نہیں ، دنیا کی بڑی معاشی طاقتوں نے بھی لاک ڈائون میں نرمی کی انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔