بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے کیسزمیں اضافہ کی وجہ ٹیسٹنگ میں تیزی نہیں، عالمی ادارہ صحت

منگل 23 جون 2020 12:58

بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے کیسزمیں اضافہ کی وجہ ٹیسٹنگ میں تیزی ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2020ء) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ بھارت اور کئی دیگر ممالک نے مہلک کورونا وائرس کے مریضوںکا سراغ لگانے کے لئے ٹیسٹنگ میں تیزی لائی ہے لیکن ان ممالک میں نئے کیسز کی تعداد میں اضافے کو اس کا ذمہ دار نہیں قرار دیا جاسکتا۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ہیلتھ ڈیزاسٹر پروگرام کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا ہے کہ یقینی طور پر بھارت جیسے ممالک زیادہ ٹسٹنگ کررہے ہیں لیکن ہمیں نہیں لگتا کہ ٹسٹنگ میں اضافہ کی وجہ سے کیسز بڑھ رہے ہیں، نئے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کا کچھ حصہ ٹسٹنگ میں تیزی کا سبب ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے ٹسٹنگ کی رفتار میں اضافہ کیا ہے لیکن ہسپتالوں میں داخل لوگوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد4 لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مختلف ممالک میں اب تک کورونا سے 91 لاکھ 92ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

دریں اثناء عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریس نے کہا ہے کہ کچھ ممالک میں کیسز اور اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ کچھ ممالک میں نے وبا کو کامیابی کے ساتھ قابو کیا ہے ، معاشرتی اور معاشی سرگرمیوں پر پابندیوں میں نرمی سے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک میں بیک وقت وبا کے عروج سے عالمی سطح پر مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نئے کیسز جنوبی اور شمالی امریکہ اور جنوبی ایشیا سے آرہے ہیں۔