پلوامہ، آپریشن کے دوران تصادم میں 2کشمیری مجاہد شہید ، ایک سی آر پی ایف اہلکار ماراگیا

جون میں 41کشمیری شہید ہو چکے ہیں،اننت ناگ میں سرچ آپریشن، سرینگرمیں پناہ گاہ تباہ، قابض انتظامیہ نے پلوامہ میں انٹر نیٹ سروس معطل کر دی

منگل 23 جون 2020 16:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2020ء) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بنڈزو علاقے میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید دو کشمیری نو جوانوں کو شہید کر دیا ۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موسول ہونے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی کی ٹیم نے علی الصبح بنڈزو علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی جس کے بعد دو طرفہ گولیوں کے تبادلے میں 2نوجوان شہید ہوگئے حکام نے ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے ایک سی آر پی ایف کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شرپورہ علاقے میں سکیورتی فورسز کی جانب سے تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس دعویٰ کے مطابق علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 1 آرآر، ایس او جی اور سی آر پی ایف کی 40ویں بٹالین نے مشترکہ طور پر شرپورہ علاقوں کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کی،علاقے میں تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے لولاب کے جنگلات میں مجاہدین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواایس ایس پی کپواڑہ شری رام امبارکر نے فائرنگ کی تصدیق کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بنڈذو علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں دو عسکریت پسند اور ایک سی آر پی ایف ہلاک ہوگئے۔

اتوار کے روز جموں وکشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے زونی مر نامی علاقہ میں سکیورٹی فورسز اور مجاہدین کے درمیان مسلح تصادم میں تین مجاہدین شہید ہوئے تھے۔جون کے مہینے میں جنوبی کشمیر میں یہ 11 واں مقابلہ ہے جس میں اب تک 30 عسکریت پسند شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ 2 درجن سے زائد مکانات تباہ کر دئے گئے۔ جون میں مجموعی طور پر آج تک 39عسکریت پسند شہید اور2عام شہری شہید ہوئے۔

آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ سرینگر کے بمینہ علاقے سے تعلق رکھنے والے گمشدہ نوجوان نے شدت پسند تنظیم حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے بمنہ کا رہنے والا 27 سالہ نوجوان ہلال باسط احمد گزشتہ اتوار کو گاندربل ضلع کے گنگبل تفریح گاہ میں ٹریکنگ کے دوران مبینہ طور لاپتہ ہوگیا تھا۔

ضلع پلوامہ میں 2000سے اب تک200مختلف واقعات میں 377افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ 1010 واقعات میں 921مجاہدین 440 شہری اور 58نامعلوم افراد شہید کئے گئے۔ضلع میں اسی عرصے میں 316سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی مارے گئے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں رواں سال 2020میں135کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔جن میں جنوری میں 22،فروری میں 12، مارچ میں 13، اپریل میں 33 اور مئی میں 16کشمیریوں کو شہید کیا گیاجبکہ 30سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔پولیس کے مطابق رواں سال اسلحہ برآمدگی کی60واقعات ریکارڈ کئے گئے۔