چین نے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کر دیے

ورلڈ بینک سے بھی 50 کروڑ ڈالرز موصول، صرف ایک ہفتے کے دوران پاکستان کو 3 ارب ڈالرز موصول ہوئے

منگل 30 جون 2020 21:52

چین نے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کر دیے
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جون۔2020ء) چین نے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کر دیے، ورلڈ بینک سے بھی 50 کروڑ ڈالرز موصول، صرف ایک ہفتے کے دوران پاکستان کو 3 ارب ڈالرز موصول ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو چینی بینک سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اسے یہ رقم چینی بینک سے ترقیاتی فنڈ، کورونا سے نمٹنے اور غیر ملکی ادائیگیوں کیلئے ملی ہے۔

اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق چینی بینک سے وصول کی گئی رقم حکومت پاکستان نے قرض لی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کو قرض کی منظوری کیلئے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس میں عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قرض کی رقم معاشی اصلاحات پر خرچ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

قرض کی رقم کورونا وائرس پر قابوپانے کے لیے خرچ کی جائےگی۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ 25 کروڑ ڈالرز انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن نے فراہم کئے۔ جبکہ25 کروڑ ڈالرز انٹرنیشنل بینک برائے ترقی وبحالی نے فراہم کئے ہیں۔ پاکستان کو یہ قرض آسان شرائط پر فراہم کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے 23 جون سے اب تک 3 ارب ڈالر کی ترسیلات وصول کی ہیں۔ ان فنڈز کی وصولی سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہوں گے اور بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی۔ 3 ارب ڈالرز کی رقم ملنے سے پاکستانی روپے کی گرتی قدر کو بھی مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔