سعودی عرب میں پٹرول مہنگا ہو گیا

یکم جولائی سے 15فیصد ویلیو ایڈ ٹیکس عائد ہونے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 جولائی 2020 12:08

سعودی عرب میں پٹرول مہنگا ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جولائی 2020ء) کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں اس وقت ایک نحوست کا راج ہے۔ ایک طرف لوگوں کی اموات ہو رہی ہیں تو دوسری طرف کاروبار ٹھپ ہونے سے کروڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی کورونا کی وجہ سے لوگوں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے وقت میں سعودی پٹرولیم ادارے ارامکو نے عوام کو ایک اور بُری خبر سُنا دی ہے۔

ارامکو کی جانب سے یکم جولائی سے 10 جولائی تک کے لیے پٹرول کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مملکت میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سعودی گزٹ کے مطابق پٹرول 91 کے نرخوں میں 8ہللہ فی لٹر جبکہ پٹرول 95میں 10 ہللہ فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس طرح نرخوں میں اضافے کے بعد پٹرول 91 کی نئی قیمت 98 ہللہ فی لیٹر ہو گی جب کہ پٹرول 95 کی قیمت ایک ریال 8 1ہللہ فی لیٹر پر آگئی ہے۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات کے یہ نئے نرخ آج یکم جولائی سے مؤثر ہوں گے، تاہم 11جولائی سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ مئی میں پٹرول 91 کی قیمتیں اور پٹرول 95 کی قیمتیں گھٹا دی گئی تھیں، جس کے بعد پٹرول 91 کے نرخ 67 ہللہ ہو گئے تھے جبکہ پٹرول 95 کے نرخ 82ہللہ پر سمٹ آئے تھے۔ تاہم اب ایک بار پھر سے تیل مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ارامکو کی جانب سے عام طور پر ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کی جاتی ہے اور ان قیمتوں میں کسی کمی یا زیادتی کے فیصلے کا اطلاق ہر ماہ کی گیارہ تاریخ سے ہوتا ہے۔تاہم یکم جولائی سے 15فیصد ویلیو ایڈ ٹیکس عائد ہونے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلے ہی اضافہ کر دیا گیا ہے۔سعودی مملکت میں پٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کے برآمدی نرخوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کے مطابق ہی سعودی عرب میں بھی قیمتوں میں رد و بدل کی جاتی ہے۔