فیصل آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں خاصی کمی ہوئی ہے، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی

جمعرات 2 جولائی 2020 16:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی اور طبی عملے کی کوششوں سے فیصل آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں خاصی کمی ہوئی ہے۔جمعرات کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ بالکل فری کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کورونا وائرس کی تشخص کیلئے لیب کو مینول سسٹم سے جدید آٹومیٹک سسٹم پر منتقل کردیا گیا ہے جس کی بدولت کورونا وائرس کی رپورٹ میں تاخیر نہیں ہو گی اور ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں بھی یقینی اضافہ ہوگا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسی طرح حفاظتی ، احتیاطی و تدارکی تدابیر اپناتے رہیں تاکہ کورونا سے جلد نجات ممکن ہوسکے۔ انہوں نے شہریوں کو بینکوں، دفاتر ،دوکانوں اور دیگر کاروباری و پبلک مقامات پر بھی ہینڈ واش، سینیٹائزنگ، فیس ماسک، جسمانی دوری اورسماجی فاصلہ اختیار کر نے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :