پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کوارٹرز کراچی و پاکستان رینجرز سندھ کا دورہ،کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے استقبال کیا

جمعرات 2 جولائی 2020 23:55

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو کور ہیڈ کوارٹرز کراچی اور پاکستان رینجرز سندھ کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو آپریشنل امور اور داخلی سلامتی کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا گیا۔

انہوں نے فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے چوکنا رہنے کی ہدایت دی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کراچی میں قیام امن کو یقینی بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھرپور کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اوردشمنوں کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے گیریژن ہیلتھ اینڈ ڈائیاگنوسٹ سینٹر اور فیلڈ آئیسولیشن مرکز کا بھی دورہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوویڈ19 کے خلاف قومی ردعمل میں فارمیشن کے تعاون کی تعریف کی۔قبل ازیں ہیڈکوارٹرز سندھ رینجرز پہنچنے پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔