ملک کی معاشی و سماجی ترقی کا انحصار ہائر ایجوکیشن خصوصاً سائنسی تحقیق و ٹیکنالوجی میں جدت پر ہے

ْچانسلر رفاہ یونیورسٹی کا ڈیجیٹل انقلاب کے موضوع پرآن لائن بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب بیس ممالک کے 350 اداروں کے چار ہزار ماہرین کی سمپوزیم میں شرکت

جمعہ 3 جولائی 2020 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) رفاہ یونیورسٹی کے چانسلر رفاہ یونیورسٹی حسن محمود خان نے کہا کہ ہمارے ملک کی معاشی و سماجی ترقی کا انحصار ہائر ایجوکیشن خصوصاً سائنسی تحقیق و ٹیکنالوجی میں جدت پر ہے۔ وہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام ڈیجیٹل انقلاب کے موضوع پرآن لائن بین الاقوامی سپموزیم سے خطاب کر رہے تھے جس میں پاکستان اور بیرون ملک سے نامور ماہرین نے شرکت کی۔

سمپوزیم کے شرکاء نے کہا ہے کہ دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر چکی ہے، زندگی کے تمام شعبے میڈیکل، انجینئرنگ، فارمیسی، فیزیکل تھراپی، مینجمنٹ سائنسز، میڈیا سائنسز، سوشل سائنسز وغیرہ سے منسلک ماہر تعلیم اور کاروباری افراد مسلسل اس جہد میں لگے ہوئے ہیں کہ جدید تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے درپیش مسائل کا حل نکالا جائے۔

(جاری ہے)

رفاہ یونیورسٹی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چانسلر رفاہ یونیورسٹی حسن محمود خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک کی معاشی و سماجی ترقی ہائر ایجوکیشن خصوصاً سائنسی تحقیق و ٹیکنالوجی میں جدت پر منحصر ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں ہائر ایجوکیشن کے نظام میں جدید اصلاحات متعارف کرانے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں روایتی معلمانہ طریقوں کے بجائے مؤثر اور مساوی ای لرننگ کے طریقے کو اپنانا چاہیئے۔ اس بین الاقوامی سمپوزیم میں دنیا کی معروف شخصیات پروفیسر جان سینڈرز (برطانیہ)، پروفیسر ورنن کران(کینیڈا)، پروفیسر حصام حمدی (متحدہ عرب امارات)، ڈاکٹر ایس ۔

جی رائو (متحدہ عرب امارات)، پروفیسر مائیکل سینکی(آسٹریلیا)، پروفیسر پال براچ ( امریکہ)، پروفیسر ڈاکٹر اجنتھا دھرماشری (سری لنکا)، ڈاکٹر خرم جمیل(امریکہ) ، ڈاکٹر زرین سیما صدیقی (ویتنام)، ڈاکٹر ایم سیف البحری یوسف (ملائیشیا)، ڈاکٹر تائو لی (امریکہ)، پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد (پاکستان) ، ڈاکٹر سعد نعیم ظفر(پاکستان) اور ڈاکٹر راحیلہ یاسمین (پاکستان) نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر مارکیٹنگ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر یوسف صدیقی نے 20 ممالک کے 350 سے زائد اداروں کی4000 سے زائد شرکاء کی اس سمپوزیم میں شرکت کو سراہا اورشرکاء کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت کو سمپوزیم کی زبردست کامیابی قرار دیا۔ ڈیجیٹل انقلاب کے موضوع پر منعقد ہونے والا یہ سمپوزیم آئندہ منعقد ہونے والی تقریبات کا پہلا حصہ ہے ۔ ایسی تقریبات سائنسدانوںاور محققین کو مواقع فراہم کرتی ہیں کہ وہ اپنی ماہرانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں، دیگر ای لرننگ ماہرین سے روابط اختیار کریں اور ڈیجیٹل انقلاب میں ہونے والی نت نئی ایجادات سے آگاہ رہیں۔