دورہ انگلینڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے مزید 3 کرکٹرز کو برطانیہ بھیجنے کا فیصلہ

کرکٹرز عمران خان، حیدر علی اور کاشف بھٹی کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی منفی آ گیا، انگلینڈ بھجوانے کے انتظامات شروع

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 جولائی 2020 21:13

دورہ انگلینڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے مزید 3 کرکٹرز کو برطانیہ بھیجنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی2020ء) دورہ انگلینڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے مزید 3 کرکٹرز کو برطانیہ بھیجنے کا فیصلہ، کرکٹرز عمران خان، حیدر علی اور کاشف بھٹی کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی منفی آ گیا، انگلینڈ بھجوانے کے انتظامات شروع۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل مزید تین کھلاڑیوں عمران خان، حیدر علی اور کاشف بھٹی کو لاہور بلالیا ہے۔

تینوں کرکٹرز کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق تینوں کے نتائج دوسری مرتبہ منفی آنے پر انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے 6کھلاڑیوں پر مشتمل قومی اسکواڈ کا دوسرا گروپ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے انگلینڈ روانہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

6کھلاڑی لاہور سے مانچسٹر کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کی6کھلاڑی براستہ دبئی مانچسٹر پہنچیں گے۔

انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ مانچسٹر پہنچنے کے بعد یہ 6 کھلاڑی بذریعہ بس وورسٹر روانہ ہوجائیں گے،جہاں ای سی بی ٹیسٹنگ پروگرام کے زیراہتمام کوویڈ19 ٹیسٹنگ میں منفی رزلٹ دینے پر انہیں اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ شامل کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی کرونا ری ٹیسٹنگ29 جون کو ہوئی تھی۔

تب ان6 کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا تھا جبکہ مذکورہ کھلاڑیوں کا پہلا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ جبکہ یہ بھی یاد رہے کہ پاک انگلینڈ سیریز کا آغاز اگست میں ہوگا۔ پاکستان سے قبل انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ یہ کئی ماہ کھیلی جانے والی پہلی بین الاقوامی کرکٹ سیریز ہوگی۔