ہنگامی بنیادوں پر کراچی کے نالوں کی صفائی کروائی جائے تاکہ کراچی کو بڑی تباہی سے بچایا جاسکے، انیس قائم خانی

پی ایس پی کامون سون کی متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر کراچی کے برساتی نالوں کی صفائی نا ہونے اور بارش کے دوران کے الیکٹرک کے ناقص نظام کی وجہ سے انسانی زندگیوں کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار

اتوار 5 جولائی 2020 19:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے صدرانیس قائم خانی نے مون سون کی متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر کراچی کے برساتی نالوں کی صفائی نا ہونے اور بارش کے دوران کے الیکٹرک کے ناقص نظام کی وجہ سے انسانی زندگیوں کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے اور سب سے ذیادہ کما کر دینے والے شہر کراچی نالوں کی صفائی نا ہونے کی وجہ سے تباہی دہانے پر کھڑا ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے باوجود سندھ حکومت اور مئیر کراچی کے جان پر جوں تک نہیں رینگی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قسم کے اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں، فنڈز ہونے کے باوجود برساتی نالوں کی صفائی نا کرنا کرپشن کے علاہ کچھ نہیں ہے۔

نالوں کی صفائی نا ہونے کے باعث برساتی پانی آبادیوں میں داخل ہوکر شہریوں کی زندگی اور صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوتا ہے، صدر پی ایس پی نے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بھی صوبائی اور بلدیاتی حکومت کی نااہلی اور بے حسی کے باعث پچھلی بارشوں کی طرح انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں، یاد رہے کہ پچھلے سال عید پر 36 افراد مختلف علاقوں میں پانی بھرنے کے سبب کرنٹ لگ کر جانبحق ہوگئے تھے جبکہ گورنر سندھ، وزیر بلدیات، مئیر کراچی اور کے الیکٹرک روایتی نااہلی اور بیحسی کی عکاسی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انیس قائم خانی نے سندھ حکومت اور مئیر کراچی سے مطالبہ کیا کہ ہنگامی بنیادوں پر کراچی کے نالوں کی صفائی کروائی جائے تاکہ کراچی کو بڑی تباہی سے بچایا جاسکے۔