زمین کے تنازعہ پر جرگہ کے دوران دو فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ، ایک جاں بحق، دو افراد زخمی

اتوار 5 جولائی 2020 19:57

نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2020ء) نظام پور کے علاقے اسوخیل میں جرگہ کے دوران گولیاں چل گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں ایک فریق سے باپ بیٹا زخمی، جبکہ دوسرے فریق سے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا دونوں فریقین سے ایک ایک ملزم گرفتار نظام پور پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق فضل سبحان ولد وزیر محمد سکنہ اسوخیل نے زخمی حالت میں پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیٹے محمد قاسم کے ہمراہ محلہ نصرت اسوخیل میں اپنی کھیتوں میں جرگہ مشران کی موجودگی میں خان ضمیر کے ساتھ زمین کے تنازعہ کا فیصلہ کررہے تھے کہ اس دور ان ملزمان خان ضمیر ولد گل ضمیر ،عصمت اللہ ،زیب اللہ پسران خان ضمیر ،زین اللہ ولد محمد ضمیر ساکنان اسوخیل نظامپور نے ہم پر جرگہ کے دوران فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میرا بیٹاقاسم شدید زخمی ہوگئے وجہ عناد زمین کا تنازعہ ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مسمات نازیہ زوجہ طاہر دختر خان ضمیرنے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ میں گھر میں موجود تھی اور میرا بھائی زیب اللہ ولد خان ضمیر کو جرگہ مشران نے طلب کیا میں بھی اس کے پیچھے جرگہ کے طرف روانہ ہوئی زمین کے تنازعہ پر جرگہ مشران بات چیت کررہے تھے کہ اس دوران ملزمان فضل سبحان ،فضل نبی ،عمران پسران وزیر محمدنے ہم پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں میرا بھائی موقع پر فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ نظام پور پولیس نے ایک فریق سے خان ضمیر اور دوسرے فریق سے فضل سبحان کو گرفتار کرلیا دیگر ملزمان فرار نظام پور پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔