آرمی چیف کے دورے کے بعد پاک افغانستان کے درمیان برف پگھل گئی

افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 جولائی 2020 11:08

آرمی چیف کے دورے کے بعد پاک افغانستان کے درمیان برف پگھل گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-06 جولائی ۔2020ء) پاک افغان تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔افغان امن کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔انہیں اس دورے کی دعوت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے دی گئی ہے۔عبداللہ عبداللہ کے اس دورے سے پاکستان اور افغانستان میں بڑھتی ہوئی قربتوں کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

اس سے قبل دونوں ملکوں میں ایک دوسرے کے حوالے سے بداعتمادی پائی جاتی تھی اور دونوں ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملکوں میں پائی جانے والی بدامنی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے عدم استحکام پھیلانے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ افغان امن کونسل کے سربراہ کے دورے کی تاریخوں کا تعین باہمی رضامندی سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حالیہ مہینوں میں یہ کسی اعلی افغان عہدیدار کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔عبداللہ عبداللہ کے دورے کے لیے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ دورہ کابل کے دوران پگھلی۔اس دورے میں آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ساتھ تھے۔اور اب  افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ جلد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

عبد اللہ عبداللہ ملکی قیادت سے ملاقات کے دوران دو طرفہ اور علاقائی تعلقات کے ساتھ ساتھ افغان امن عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے اتوار کو اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائیگا۔

محمد صادق نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ نے اتوار کے روز اپنے ٹویٹر پر کابل میں پاکستان کے سفیر زاہد نصر اللہ خان سے ملاقات کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے امن عمل اور تنازعہ کے جامع تصفیہ کے لئے علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔افغان رہنما نے کہا کہ میں نے مناسب وقت پردورہ پاکستان کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔