وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس،بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کیلئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیاگیا

ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جائیںگی:عثمان بزدار ریونیو کا ایسا نظام وضع کیاجائیگا جس سے عوام کو سہولت ملے،وزیراعلیٰ کی بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت ماضی کے حکمرانوں نے پٹوار کلچر کے خا تمے کے خالی نعرے لگائے، پٹوار کلچر کے خا تمے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھا یا گیا

پیر 6 جولائی 2020 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا ، جس میں بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کیلئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔سینئر ممبر بورڈآف ریونیونے محکمے میں اصلاحات اوراراضی سینٹرز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جائیںگی۔

ریونیو کا ایسا نظام وضع کیاجائے گا جس سے عوام کو سہولت ملے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوںگے۔ کمیٹی 7روز میں بنیادی اصلاحات کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فیصلے کیے جائیںگے۔

ماضی کے حکمرانوں نے پٹوار کلچر کے خا تمے کے خالی نعرے لگائے اورسابق دور میں پٹوار کلچر کے خا تمے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھا یا گیا۔ہماری حکومت سابق دور کے بگاڑ کو درست کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مقصدعوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ریونیو معاملات کو بہتر بنانے کیلئے ہر سطح پر اصلاحات ضروری ہیں۔

میں خود جانتا ہوں کہ ریونیو کے حوالے سے شہریوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ریونیو امور سے متعلقہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے ۔اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کر کے عوام کو مزید ریلیف دیںگے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے موبائل اراضی سینٹرز کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔