اس بار 20سے 50 سال کے افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی

حاجیوں میں سے 70 فیصد تارکین وطن اور 30 فی صد سعودی شہری ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 جولائی 2020 10:32

اس بار 20سے 50 سال کے افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 جولائی 2020ء) سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے سوموار کو اس سال فریضہ حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں کے انتخاب کے معیار کا اعلان کردیا ہے اور ان کے انتخاب میں صحت کے معیارات کو اوّلین ترجیح اور مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔العربیہ نیوز کے مطابق اس مرتبہ عازمینِ حج میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔

حجاج کرام کا دوسرا معیار یہ ہوگا کہ صرف ان سعودی شہری اور غیرملکی طبی کارکنان اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو حج کی اجازت دی جائے گی جو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے مگر اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔ان کے انتخاب کو ترجیح دینے کا مقصد مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں ان کی شبانہ روز کاوشوں کو سراہنا اور ایک طرح سے انھیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی حکام کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں محاذاوّل پر خدمات انجام دینے والے ایسے ملازمین کے انتخاب کے لیے ڈیٹا بیس کو استعمال کریں گے جو خود بھی اس جان لیوا وائرس کا شکار ہوگئے مگر بعد میں تن درست ہوگئے ہیں۔ایس پی اے نے بتایا ہے کہ حجاج کرام کے انتخاب میں سعودی عرب میں مقیم 20 سے 50 سال کے درمیان عمر کے حامل غیر سعودیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

تاہم انھیں عازمینِ حج کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے مندرجہ ذیل معیار پر پْورا اْترنا ہوگا:
انھیں پہلے سے کوئی بیماری لاحق نہ ہو۔
ان کے پاس پی سی آر کے ٹیسٹ کا سرٹی فکیٹ ہو اور اس میں ان کے نتائج منفی ظاہر ہورہے ہوں۔
ماضی میں فریضہ حج ادا نہ کیا ہو۔
وزارتِ صحت کے فیصلے کے بعد انھیں فریض? حج ادا کرنے سے پہلے اور بعد میں مقررہ مدت قرنطین میں گزارنا ہوگی۔

اس معیار پر پورا اترنے والے غیر سعودی اس لنک پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں:localhaj.haj.gov.sa
حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سوموار 6 جولائی سے شروع ہوگیا ہے اور یہ جمعہ 10 جولائی تک (پانچ روز) جاری رہے گا۔
وزارت حج وعمرہ نے وضاحت کی ہے کہ حج کے لیے غیر سعودیوں کا انتخاب ایک الیکٹرانک نظام کے ذریعے بے ترتیب اٹکل پچو انداز سے کیا جائے گا۔

اس طریقے سے جو عازمین منتخب ہوجاتے ہیں،انھیں نوٹی فکیشن کے بعد مقررہ تاریخ تک تمام درکار دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے عازمینِ حج کے لیے بہت اعلیٰ معیارات وضع کیے ہیں اور سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر کا نفاذ کیا جارہا ہے۔سعودی عرب کے مرکز برائے انسدادِ امراض اور کنٹرول نے اتوار کو آیندہ حج سیزن کے لیے کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر اور پابندیوں کی ایک فہرست جاری کی تھی۔

تمام عازمین حج کو اس کی لازماً پاسداری کرنا ہوگی۔
سعودی عرب نے گذشتہ ماہ اس سال کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور یہ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔