جے آئی ٹیز میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائی: ڈاکٹر سلیم حیدر

ان درندہ صف انسان دشمن عناصر نے سینکڑوں بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اُتارا ،چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک

منگل 7 جولائی 2020 22:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2020ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ گینگ وار کے سرثنہ، دہشت گرد اور ملک دشمن عذیر بلوچ اور نثار مورائی کے جرائم اور بلدیہ فیکٹری کی آتش زدگی کے ذمہ داروں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے۔ کیونکہ یہ درندہ صف انسان دشمن عناصر نے سینکڑوں بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اُتارا ، ان کے جرائم کی داستان اتنی طویل ہیں کہ انہیں کئی کئی بار پھانسی دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ عذیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی کردار برسوں سے بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اُتار رہے تھے ۔ دکانداروں، تاجروں، صنعت کاروں سے بھتہ وصول کرتے رہے ۔ پلاٹوں اور سرکاری املاک پر قبضے کے علاوہ ملک کے اہم راز ملک دشمن عناصر تک پہنچانے میں ملوث ہیں لیکن پیپلزپارٹی اور اس وقت کے وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے ان کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کیا اور جرائم میں ان کی معاونت کی جس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ پیپلزپارٹی ملک دشمن اور جرائم پیشہ تنظیم ہے جس کی قیادت کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ملک دشمن عناصر ظلم پر ظلم کرتے رہے لیکن ہمارے ادارے خاموشی سے یہ سب کچھ دیکھتے رہے اوران کے ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں تھا ۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے قیادت کے نام پر دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر سیاست پر مسلط ہیں ، انہوں نے بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اُتارا اور اپنی سیاست کو چلانے کیلئے کھلے عام لوٹ مار کرتے رہے۔ انہوںنے آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان عناصر کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے اور انہیں کسی قسم کی کوئی رعایت نہ کی جائے۔سانحہ بلدیہ فیکٹری کے معصوم افراد کا خون بھی چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ اس دہشت گردی میں ملوث ہر ایک کو سخت سے سخت سز ادی جائے۔