پشاور،منشیات کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا

منگل 7 جولائی 2020 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2020ء) کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق پشاور جبکہ دوسرے ملزم کا تعلق ضلع خیبر سے ہے جو موٹر کار کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، چمکنی پولیس کی جانب سے موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں 9 کلو گرام کے قریب ہیروئن، 12 کلو گرام سے زائد چرس اور ایک کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی افیون برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی رورل وقار احمد کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ منشیات سمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ کسی بھی وقت بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کریں گے جس کی روشنی میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی،ڈی ایس پی چمکنی لقمان خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی حفیظ الرحمن اور انچارج موٹر وے چیک پوسٹ فدا حسین موٹر وے ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبر LZE-1406 کو رکنے کا اشارہ کیا جس نے گاڑی کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس پارٹی نے گاڑی کا تعاقب شروع کر کے نزدیک ہی گاڑی کو قابو کر کے دو ملزمان سمیع ولد قابل خان سکنہ تہکال بالا اور خادم حسین ولد شفیع سکنہ جمرود ضلع خیبر کو حراست میں لے کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 8 کلو گرام سے زائد ہیروئن، 12 کلو گرام سے زائد چرس اور ایک کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی افیون برآمد کر لی ہے، دونوں ملزمان کا تعلق بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔