دُبئی میں مقیم پاکستانی نوجوان نے نجی تصویریں وائرل کر کے دھوکے باز منگیتر سے بدلہ لے لیا

نوجوان 7 سال میں اپنی محبوبہ پر 10 لاکھ درہم لُٹا چُکا تھا، جب اس پر انکشاف ہوا کہ اس کی محبوبہ پہلے سے شادی شدہ ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 جولائی 2020 11:34

دُبئی میں مقیم پاکستانی نوجوان نے نجی تصویریں وائرل کر کے دھوکے باز ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جولائی 2020ء) دُبئی مقیم پاکستانی نوجوان کو اس کی ہم وطن محبوبہ کئی سال تک دونوں ہاتھوں سے لُوٹتی رہی ، مگر محبت کے نشے میں ڈُوبے نوجوان کو خبر بھی نہ ہونے پائی کہ اس کی منگیتر پہلے سے شادی شُدہ ہے۔ گلف نیوز کے مطابق 31 سال پاکستانی نوجوان نے یہ حقیقت سامنے آنے کے بعد طیش میں آکر منگیتر کی نجی تصاویر وائرل کر دیں، تاہم منگیتر نے پولیس کو رپورٹ کر دی، جس کے بعد نوجوان کو گرفتار کر لیاگیا ہے۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس کی محبوبہ کئی سال تک اُسے بے وقوف بنا کر لُوٹتی رہی۔ ملزم نے اُس پر محبت کی خاطر 10 لاکھ درہم (چار کروڑ روپے سے زائد) نچھاور کر دیئے۔ تاہم جب اُسے پتا چلا کہ اس کی محبوبہ پہلے سے ہی شادی شدہ زندگی بسر کر رہی ہے تو طیش میں آ کر اسے بدنام کرنے کی خاطر اس کی نجی نوعیت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی نوجوان نے پولیس کو بیان دیا ”میری ایک پاکستانی لڑکی سے فیس بُک پر ملاقات ہوئی، جو دُبئی میں ہی مقیم تھی۔

ہماری یہ زبانی ملاقات جلد ہی رومانس میں بدل گئی۔ جس کے بعد ہم نے باقاعدہ طور پر منگنی کر لی۔ ہم دونوں کی منگی سات سال تک چلتی رہی۔ اس دواران میں اپنی محبوبہ کو قیمتی تحائف بھی دیتا رہا، جن میں سونے کے ایک ہار کی مالیت 90 ہزار درہم تھی جبکہ اسے 65 ہزار مالیت کی ایک کار بھی تحفے میں دی۔ اس تعلق کے دوران میں اس پر10 لاکھ درہم خرچ کر چُکا تھا۔

تاہم جنوری 2020ء میں مجھے کسی طرح سے پتا چل گیا کہ میری محبوبہ میرے ساتھ محبت کا ڈھونگ رچا رہی تھی۔ درحقیقت وہ ہمارے تعلق کے دوران ہی ایک شخص سے شادی رچا چکی تھی۔ اس نے مجھ سے پیسے کے لالچ میں جھوٹی منگنی کی تھی۔ اس انکشاف کے بعد میں غصے سے بے حد جذباتی ہو گیا۔ میں نے محبوبہ کے نام سے فیس بُک اور انسٹاگرام پرجعلی اکاؤنٹس بنائے اور ان کے ذریعے اس کی نامناسب تصاویر شیئر کردیں۔

جس کے بعد اس نے مجھ سے رابطہ کیا۔ مگر میں نے اسے بُرا بھلا کہا۔ میں نے اسے یہ بھی کہا کہ اگر اس نے مجھ سے ہتھیائی گئی رقم واپس نہ کی، تو میں اس کے خاوند کو بھی ہم دونوں کے تعلقات سے آگاہ کر دوں گا۔میرے پاس میری اس جعلی منگیتر کی پانچ ہزار سے زائد تصاویر اور تمام تر چیٹنگ کا ریکارڈ بھی موجود تھا۔ “ تاہم محبوبہ نے البرشا کے پولیس اسٹیشن میں ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرا دی۔ محبوبہ کا کہنا ہے کہ ملزم جان بُوجھ کر اس سے شادی نہیں کرنا چاہ رہا تھا۔ بلکہ اُلٹا اس سے رقم مانگتا تھا، جس کے باعث اس نے منگنی ختم کر دی۔