خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں نوجوان وکلاء کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز

بدھ 8 جولائی 2020 18:34

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکلاء کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے۔ دو دنوں پر محیط اس تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاء الدین خٹک،ڈین فیکلٹی سید کمال حسین شاہ ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشفاق تاج ،سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشن غلام عباس سمیت وکلاء شریک ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل اکیڈمی نے وکلاء کو جوڈیشل اکیڈمی آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کسی بھی ریاست کا ایک اہم ستون ہے اور بار اور بنچ ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزم ہیں جبکہ ججز اور وکلاء ملکر لوگوں کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ا ن کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بہتر اور قانون کے مطابق معاونت کی فراہمی کے لئے وکلاء کی موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈی جی جو ڈیشل اکیڈمی کا کہنا تھا کہ چونکہ بار اور بنچ گاڑی کے دو پہیوں کے مانند ہیںلہذاشعبہ وکالت کے نئے وکلاء کیلئے ان تربیتی پروگراموں کا مقصد لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے کاز کو مزید تقویت دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا کو پیشہ وارانہ طور پرمکمل تیار کرنے کیلئے اکیڈمی نے خصوصی دو روزہ تربیتی کورس مرتب کیا ہے۔ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اورمروجہ عدالتی نظام کو تقویت دینے کیلئے خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی نے نظام انصاف سے منسلک تمام اداروںکے نمائندوں کیلئے تربیتی پروگراموں کے ذریعے اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء اپنے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید نکھانے کیلئے انتھک محنت کو یقینی بنائے تاکہ عوام کوفوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں مدد مل سکے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس تربیتی پروگرام سے نہ صرف شرکاء کے علم میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بھی بنے گا۔ ڈی جی اکیڈمی نے بتایا کہ اکیڈمی صوبے کے تمام اضلاع کے وکلاء کیلئے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔