اگست میں شیڈول گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیے جانے کی اطلاعات

مقررہ تاریخ تک الیکشن کی تیاریاں مکمل نہ ہونے کے امکان کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے: اے پی سی میں شریک سیاسی قائدین کی تصدیق

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 9 جولائی 2020 21:33

اگست میں شیڈول گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیے جانے کی ..
گلگت (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09جولئی 2020ء) : اگست میں شیڈول گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیے جانے کی اطلاعات ، گلگت بلتستان میں 18 اگست کو ہونے والے انتخابات اکتوبر تک ملتوی ہوگئے ہیں، اس بات کی تصدیق سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گلگت میں جی بی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔

اے پی سی میں سوائے چند چھوٹی جماعتوں کے تمام پارٹی سربراہان نے جی بی الیکشن مقررہ تاریخ 18 اگست کو کروانے پر اصرار کیا تاہم اب اے پی سی میں شریک سیاسی قائدین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقررہ تاریخ تک الیکشن کی تیاریاں مکمل نہ ہونے کے امکان کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی قائدین کا کہنا ہے کہ اب گلگت بلتستان کے انتخابات اگست کے بجائے اکتوبر میں ہوں گے تاہم الیکشن کے التواء اور بعد ازاں نئے شیڈول کا باضابطہ اعلان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کرے گا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے نہ صرف 2 جولائی کو انتخابی شیڈول جاری ہو چکا، بلکہ 7 جولائی کو پبلک نوٹس کے ساتھ ہی انتخابی عمل بھی شروع ہوچکا ہے مگر ووٹرز فہرست سمیت بظاہر کوئی تیاری نہیں نظر نہیں آرہی ۔ نظام کون سا ہے یہ بھی واضح نہیں۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے مشاورت کے لیے جمعرات کو تمام جماعتوں کے سربراہوں اور رہنمائوں کو اپنے دفتر میں مدعوکیا ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ کئی اضلاع نے تیاری نہ ہونے اور کورونا وبا کے خطرات کے باعث انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے۔ عجیب بات یہ ہے کہ ریٹرننگ افسران خود تذبذب کا شکار ہیں کہ انتخابات گلگت بلتستان انتظامی حکم نامہ 2018ء کے مطابق ہورہے ہیں یا گلگت بلتستان انتظامی حکم نامہ 2019ء یا کسی اور نظام کے تحت؟