نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی لیسکو کے امرسدھو سب ڈویژن پر اندھا دھند فائرنگ

عملے نے زمین پر لیٹ کر جانیں بچائیں ،فائرنگ سے دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

جمعہ 10 جولائی 2020 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) نامعلوم موڑسائیکل سواروں کی جانب سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے امرسدھو سب ڈویژن پر اندھا دھند فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا ،فائرنگ کے دوران عملے نے زمین پر لیٹ کر جانیں بچائیں جبکہ فائرنگ سے دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ شاہد ٹائون میں واقع امرسدھو سب ڈویژن کے آفس پر رات گئے دو موڑ سائیکلوںپر سوار چار نامعلوم افراد نے اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں مرکزی دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اندھا دھند فائرنگ کے دوران عملے نے زمین پر لیٹ کر اپنی جانیں بچائیں ۔ فائرنگ کے بعد نامعلوم ملزمان بآسانی فرار ہو گے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے گولیوں کے خول اکٹھے کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے ۔