صوبے کی خواتین کے لئے شروع کردہ ڈیجیٹل سکلز پروگرام کا باقاعدہ طور پر آغاز کردیا

پروگرام سے صوبہ کی تین ہزار خواتین مستفید ہونگی۔ جن کی مدد سے نہ صرف یہ خواتین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں باہنر ہونگی بلکہ ان کو اس شعبے میں روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے

جمعہ 10 جولائی 2020 22:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش نے صوبے کی خواتین کے لئے شروع کردہ ڈیجیٹل سکلز پروگرام کا باقاعدہ طور پر آغاز کردیا ہے۔ اس پروگرام سے صوبہ کی تین ہزار خواتین مستفید ہونگی۔ جن کی مدد سے نہ صرف یہ خواتین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں باہنر ہونگی بلکہ ان کو اس شعبے میں روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔

’وومن ایمپاورمنٹ تھرو ڈیجیٹل سکلز‘ پروگرام ڈیجیٹل جابز ان خیبر پختونخواپراجیکٹ کا ایک جز ہے جس کو ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ اور ورلڈ بینک کی مالی و تکنیکی معاونت سے شروع کیا گیا ہے یہ پروگرام خیبرپختونخوا میں ڈیمو (DEMO) اور ٹیک ویلی پاکستان (tech Valley Pakistan) کی شراکت سے سرانجام دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

’وومن ایمپاورمنٹ تھرو ڈیجیٹل سکلز‘پروگرام کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز پشاور میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان، ڈائریکٹر عاصم جمشید، خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی کی خواتین ارکان، ٹیک ویلی کے سی ای او عمرفاروق، ڈیمو کے سی ای او محمد بن مسعود، ورلڈ بینک کے نمائندگان اور دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

آئی ٹی بورڈ کے ہیڈ آفس میں منعقدہ اس پروگرام میں محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ کورنا کے روک تھام کے ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی گئی تھی۔ تقریب کے دوران مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا کی صوبے بھر کے خواتین کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سیکٹر میں خواتین کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں تا کہ وہ بھی آگے آئیں اور اس شعبے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے ڈونر اور دوسرے پارٹنر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی ہے یا پھر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروع کے لئے مالی معاونت کی ہے۔ ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا جس طرح خیبرپختونخوا نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کو تکمیل تک پہنچانے میں پہل کی ہے اس طرح صوبے میں خواتین کو اس شعبے میں تربیت یافتہ اور باہنر بناکر دوسرے صوبوں پر ایک بار پھر سبقت حاصل کی جائے گی۔

اس موقع پر ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہبازخان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 500 خواتین کی آن لائن ٹریننگ دی جائے گی۔ کورونا وبا ء کے پیش نظر یہ تربیتی پروگرام آن لائن دی جائے گی جس میں امیدواروں گھر بیٹھ کر حصہ لے سکیں گے۔ ان کے مطابق اٹھارہ سے تیس سال تک کی عمر کی خواتین آفیشل ویب سائٹ پر رجسٹر ہوکر اس پروگرام کا حصہ بن سکتی ہیں۔ ڈاکٹر شہباز کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کی خواتین اس پروگرام سے مستفید ہوسکتی ہیں۔