مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمی بخاری کے والد جسٹس (ر)زاہد حسین بخاری انتقال کرگئے، نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی

کئی روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، حرکت قلب بند ہونے سے چل بسے،شہباز شریف اور دیگر کا عظمیٰ بخاری سے اظہار تعزیت

ہفتہ 11 جولائی 2020 13:16

مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمی بخاری کے والد جسٹس (ر)زاہد حسین بخاری انتقال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) مسلم لیگ (ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری کے والد جسٹس (ر)زاہد حسین بخاری انتقال کرگئے۔ زاہد حسین بخاری گزشتہ بیس روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور گزشتہ روز حرکت قلب بند ہو جانے سے خالق حقیقی سے جا ملے ۔، ان کی نماز جنازہ کلج ( اتوار) شیخوپورہ میں ادا کی جائے گی۔جسٹس(ر)سید زاہد حسین بخاری شعبہ وکالت سے منسلک تھے اور منشیات کیس میں رانا ثنااللہ کے بھی وکیل رہے تھے،ان کی چھوٹی بیٹی لندن میں مقیم ہیں جن کی وطن واپسی کے بعد ان کی نماز جنازہ کل بروز اتوارشیخوپورہ میں ادا کی جائے گی جہاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزبِ اختلاف محمد شہباز شریف اور پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے عظمی بخاری کے والد سید زاہد حسین بخاری کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سید زاہد حسین بخاری پارٹی سے وابستگی رکھنے والی ایک بہادر، مخلص اور شاندار شخصیت تھے ،بطور وکیل معاشرے میں ظلم، زیادتی اور نا انصافیوں کے خلاف انہوں نے بھرپور جدوجہد کی ،ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

والد کی وفات ایک بڑا صدمہ ہے، ہم سب عظمی بخاری کے غم میں شریک ہیں،اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔