نیشنل ہائی وے اتھارٹی ژوب کوئٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر رواں سال کام کا آغاز کرے گی

ہفتہ 11 جولائی 2020 13:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی ژوب کوئٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر رواں سال کام کا آغاز کرے گی۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے یہاں ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کوئٹہ ہائی وے کے ژوب کوئٹہ حصے پر عملی کام کا آغاز رواں سال ہوگا جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے مغربی روٹ کا حصہ بنایا جانا متوقع ہے۔

حکام نے بتایا کہ منصوبے پر کام کو پانچ مراحل میں انجام دیا جائے گا جس میں ژوب تنگی 65 کلومیٹر، تنگی قلعہ سیف اللہ 65 کلومیٹر، قلعہ سیف اللہ نسائی 50 کلومیٹر, 65 کلومیٹر نسائی خانوزئی حصہ اور خانوزئی کچلاک 53 کلومیٹر حصہ شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ 298 کلومیٹر کے دوریہ کرنے سے دور دراز علاقوں کو سہولتیں میسر آئیں گی اور روابط میں اضافہ سے ان علاقوں کی ملک کے دیگر علاقوں سے منسلکی بڑھے گی۔

(جاری ہے)

اس شاہراہ کی اپ گریڈیشن سے نئے صنعتی زون کے قیام میں بھی مدد ملے گی اور صوبے میں ترقیاتی عمل آگے بڑھے گا۔ اس شاہراہ کے ذریعے نہ صرف بلوچستان کے علاقوں کوترقی ملے گی بلکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبر پختونخوا کے انضمام شدہ علاقوں سے بھی منسلک کرنے میں مدد ملے گی اور کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان مسافت صرف 8 گھنٹے رہ جائے گی۔ گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ژوب کچلاک روڈ کی زمین کی خریداری کے لئے 3020 ملین روپے مختص کئے گئے تھے جو جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبے پر تعمیراتی کام کے لئے 10000 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔