ایڈیشنل کمشنر (کو ارڈینیشن )کی زیر ِ صدارت میٹروپولٹین کارپوریشن اور تاجر نمائندوں کا مشترکہ اجلاس منعقد

ہفتہ 11 جولائی 2020 22:15

سرگودہا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) میٹروپولٹین کارپوریشن اور تاجر نمائندوں کے مشترکہ اجلاس میں عید الا اضحی کے فوری بعد اندرون ِشہر کے تمام بازاروں سے پختہ اور عارضی تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے پر اتفاق پایا گیا ہے، جبکہ اندرون ِبازاروں میں ریڑھی لگانے پر پابندی عائد کر دی جائے گی اور آئندہ خلاف ورزی پر ریڑھی کو بحق ِسرکار ضبط کر لیا جائیگا۔

یہ فیصلے ایڈیشنل کمشنر (کو ارڈینیشن )شہباز حسین نقوی کی زیر ِصدارت منعقدہ اجلاس میںکئے گئے۔اجلاس میں چیف آفیسر میٹروپولٹین کارپوریشن طارق پرویا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد سمیت تاجر نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں اندرون ِشہر بازاروں میں پختہ تجاوزات کے سروے اور نشاندہی کیلئے تاجر نمائندوں اورمیٹروپولٹین کارپوریشن افسران کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق پایا گیا ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون ِشہر کے بازاروں میں تجاوزات سے گاہکوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیںاور چنگ چی رکشوں نے کھلی سڑکوں کو تنگ کرکے گلیوںکی مانندبنادیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جلد اندرون ِشہر چنگ چی رکشوں کے داخلے پرپابندی کے حوالے سے قابل ِعمل اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔انہوںنے واضح کیا کہ تجاوزات کو اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

عید الاضحی کے بعد دکانوں کے سامنے پختہ تجاوزات قائم کرنے یا پھٹہ وغیرہ لگانے پر دکانوںکو سیل کر دیا جائیگا۔انہوں نے میٹروپولٹین کارپوریشن اہلکاروں پر بھی واضح کیا کہ تجاوزات کی آڑ میں کرپشن یا رشوت وصولی کی مصدقہ اطلاعات پر ایسے ملازمین کو نوکریوں سے ہاتھ دھوناپڑیں گے۔ چیف آفیسر میٹروپولٹین کارپوریشن طارق پرویانے شرکاء کو بتایا کہ شہر میں سٹریٹ لائٹ کو فعال کرنے کیلئے ٹینڈرز کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔

اندرون ِشہر میں سیوریج کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جا رہا ہے ،جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ اُنہوںنے بتایا کہ نامساعد حالات کے باوجود میٹروپولٹین کارپوریشن عوام الناس کو بھر پور ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اجلاس میں شہر سے تجاوزات کے خاتمہ اور صفائی کے حوالے سے تاجروں نے اپنی مفید آراء سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :