ژ*دین اسلام کے غلبے کیلئے جدوجہد کرنا ہر مسلمان کادینی فریضہ ہے ،سراج الحق

) اللہ تعالی کے عطا کردہ نظام عدل و رحمت کو غالب کرنے کی بجائے کچھ لوگ خود خدا بننا چاہتے ہیں،امیرجماعت اسلامی

منگل 14 جولائی 2020 16:28

ٰراولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اللہ کے دین کو غالب کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہر کلمہ گو مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ کیا ہماری عدالتوں میں فیصلے قرآن وسنت کے مطابق ہوتے ہیں افسوس کہ عدالتوں میں تو انگریز کا قانون مسلط ہے۔ بنکوں میں سود کا نظام ہے اور سیاست میکاولی کے سکھائے ہوئے دھوکے پر مبنی ہے۔

اللہ تعالی کے عطا کردہ نظام عدل و رحمت کو غالب کرنے کی بجائے کچھ لوگ خود خدا بننا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام پہلے آن لائن تربیتی پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس آن لائن تربیتی نشست سے امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے سابق منتظم اعلی مولانا ڈاکٹر کاشف شیخ، ممتاز سکالر مولانا مطیع اللہ فاروقی اور حافظ بلال احسن نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایک خدا کی بندگی کے نظام کو یہاں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ انبیاء کرام کا مشن یہی تھا کہ لوگوں کو جنت کا وارث بنایا جائے اور جہنم سے بچایا جائے۔ دنیا دارالامتحان ہے۔ یہاں آزمائش اور کشمکش ہے۔ اللہ تعالی نے انسانوں کو اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔ بندہ مومن تو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی کے لئے کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح ایک عام پارٹی نہیں ہے۔ ہم اپنے کارکنان کی قرآن وسنت کی تعلیمات کی روشنی میں تربیت بھی کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ دوسری جماعتوں کو اپنے لوگوں کی انفرادی زبدگیوں کے معاملات سے کوئی غرض نہیں ہوتی۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شب وروز کو قرآن و احادیث کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔

حقوق اللہ اور حقوق العباد کا بہت خیال رکھیں۔ ہمیں اپنا محاسبہ خود کرنا ہے۔ کارکنان اپنے گھروں کو اسلام کا قلعہ بنائیں۔ اپنے مطالعے میں وسعت پیدا کریں۔ گھروں میں قرآن اور احادیث کی تعلیم کو عام کریں۔ علماء کرام سے قریبی تعلق رکھیں اور ان کی خدمت کریں۔ مساجد کو اپنے علاقے اور محلے کا مرکز بنائیں۔ اسلامی انقلاب کا مرکز مسجد ہی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ کارکنان آنے والے بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری کریں۔ راولپنڈی کو ایک ماڈل اور مثالی ضلع بنائیں گے