موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں تھیلسیمیاکے مرض میں مبتلاء مریضوں کیلئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

بدھ 22 جولائی 2020 14:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2020ء) آئی جی نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس ڈاکٹر کلیم امام کی ہدایت پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی زیرِنگرانی موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں تھیلسیمیاکے مرض میں مبتلاء مریضوں کیلئے بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیاجس میں کثیر تعداد میں موٹروے پولیس افسران نے خون کے عطیات دیئے۔

آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھیلسیمیا ایک خطرناک مرض ہے جس میں مبتلاء مریضوں کی مدد انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے اور موٹروے پولیس بحیثیت ادارہ اپنی انسان دوست روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔اس مو قع پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ موٹروے پولیس سٴْندس فاؤنڈیشن کو ملک بھر میں خون کے عطیات کے لیے کیمپ لگانے اور محفوظ طریقہ سے خون جمع کرنے میں معاونت کرے گی۔

(جاری ہے)

بلڈ کیمپ کا آغاز ڈی آئی جی محبوب اسلم کی اہلیہ نے خون کا عطیہ دے کر کیا۔خون کا عطیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو موٹروے پولیس کا حصہ سمجھتی ہیں اور انہوں نے اپنے خون کا عطیہ موٹروے پولیس کے افسران میں خلقِ انسانی کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے دیاہے کیونکہ یہ اٴْن کا یقین کامل ہے کہ کسی بھی انسانی جان کو بچانے سے زیادہ افضل کام کوئی اور نہیں ہو سکتا۔

ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ موٹروے پولیس کا ادارہ سٴْندس فاؤنڈیشن کو ملک بھر میں پھیلے تمام افسران کے خون کے متعلق مکمل ریکارڈ فراہم کرے گا تاکہ رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات کے حصول میں معاونت ہو سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹروے پولیس کے افسران یا ان کے اہل خانہ میں سے اگر کوئی خدانخواستہ خون میں خرابی کے مرض میں مبتلا ہوا تو سٴْندس فاؤنڈیشن اٴْن کی مناسب دیکھ بھال کرے گی جبکہ موٹروے پولیس سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر وقتاًً فوقتاًً تھیلیسیمیا کے مرض کی آگاہی کے لیے چلنے والی مہم میں بھرپور تعاون کرے گی اور حصہ لے گی۔

اس موقع پر سند س فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر میجر ریٹائرڈ محمد طارق نے کہا کہ اس بلڈکیمپ کا انعقاد کر کے موٹروے پولیس نے اپنے آپ کو انسانیت کے ساتھ درد کے حساس رشتہ میں باندھ لیا ہے۔ انہوں نے موٹروے پولیس کی انسانیت کی خدمت کے عظیم مقصد میں سندس فاونڈیشن کیساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوسرے اداروں کیلئے یہ قابل تقلید ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ موٹروے پولیس کی عوام کے ساتھ خوش اخلاق رویے کی وجہ سے بے حد عزت کی ہے۔ بلڈ کیمپ کے اختتام پر موٹروے پولیس کے طرف سے کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے سندس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں اور ڈاکٹرز میں یادگاری شیلڈز کو تقسیم کیا۔