گ* پی ٹی آئی تبدیلی کاجھوٹا نعرہ لگا کر برسراقتدار آئی،سکندر حیات خان شیرپائو

ا* حکمرانوں کی دو سالہ کارکردگی سے ثابت ہو چکاہے کہ سلیکٹڈ حکومت عوام کی نمائندگی نہیں کرسکتی ،عوام کی معیار زندگی کی بہتر ی کیلئے کئے گئے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے،شمولیت تقریب سے خطاب

اتوار 26 جولائی 2020 21:05

{پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2020ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تبدیلی کاجھوٹا نعرہ لگا کر برسراقتدار آئی اور ان کی عوام کی معیار زندگی کی بہتر ی کیلئے کئے گئے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی دو سالہ کارکردگی سے ثابت ہو چکاہے کہ سلیکٹڈ حکومت عوام کی نمائندگی نہیں کر سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل چکنودہ ضلع صوابی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں شیرمحمد بابو صاحب،عمران علی،کامران علی،سہیل جان،عباس رحمان،وقاص،محمد سلیمان،سعید خان،راج ولی کاکا،عرفان خان،صفدر علی،میر ولی،اصغر علی،عادل خان،نعمان خان،محمدبلال،حارث بلال،بلال امیر،ریاض،کاشان،لیاقت زمان،مثل کاکا،باچا زرین کاکا،خالد خان اور گل رحمان کاکا نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اقتدار کے دو سال گزرنے کے باوجود عوام اور ملک کی معیشت بحرانوں کے گرداب میں پھنسی ہوئی ہیں انھوں نے کہا کہ باہر سے مسلط معاشی ٹیم کی کارکردگی بھی سب کے سامنے عیاں ہو چکی ہے اور بھاری قرضے لینے اور بے سمت پالیسیوں کی بدولت ملک کی معیشت کو بحرانوں سے نکالنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی،آٹا و چینی بحران ، ادویات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ان کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔

انھوں نے صوبہ بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مزمت کی اور کہا کہ بجلی کی فراہمی میں قلت اور اس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ دہرا ظلم ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ میں وافر مقدار میں بجلی کی موجودگی کے باوجود لوڈشیڈنگ کرنا حکومت کی نااہلی اور بد انتظامی ہے۔انھوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی مجموعی کارکردگی سے ان کی نااہلی مکمل طور پر عیاں ہو چکی ہے اور عوام ان سے متنفر ہوکر بد ظن ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان،قومی وطن پارٹی یو اے ای کے چیئرمین محمد سعید خان بام خیل،کیو ڈنلیو پی ضلع صوابی کے چیئرمین مسعود جبار،برہان اللہ،فیاض علی، شہنشاہ باچااور دیگر نے بھی خطاب کیا