ٹائیگر فورس سیاسی مقاصد سے ہٹ کر بنائی گئی ہے، زین قریشی

جمعہ 31 جولائی 2020 20:27

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کے ترقیاتی ممالک میں کوئی حکومت اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک فلاح کے کاموں میں عوام اس کا ہاتھ نہ بٹائے۔ کسی بھی قدرتی آفت یا وبائی حالات میں عوام کو حکومت کا ساتھ دینا پڑتا ہے۔ جمعہ کو این اے 156 ملتان کی یونین کونسل 20کے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں میں آئی ڈی کارڈ تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹائیگر فورس کی تشکیل وزیراعظم پاکستان کا اقدام ہے جو سیاسی مقاصد سے ہٹ کر بنائی گئی ہے۔

اس کا مقصد صرف اور صرف عوام کی بہتری اور عوام کوسروسز کی فراہمی ہے۔ عوام نے وزیراعظم کی کال پر لبیک کہا اس میں ڈاکٹرز ‘ انجینئرز ‘ وکلاء‘ خواتین ‘ نوجوان اور سول سوسائٹی کے لوگ شامل ہیںجو کار خیر کے جِذبے سے عوام کی خدمت کرنا چاہتے۔

(جاری ہے)

حکومت نے ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کار خیر میں شامل کیا جائے۔

ملک بھر میں سب سے پہلے ملتان کی یونین کونسل 20کے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو شناختی کارڈ جاری کئے جارہے ہیں تاکہ یہ رضا کار لاک ڈائون یا کسی بھی صورتحال میں بغیر کسی رکاوٹ کے عوام تک اپنی سروسز فراہم کرسکیں۔زین قریشی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کامیاب رہی اور ہمارا ملک کرونا جیسی خطرناک وباء کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہا ۔ عیدالاضحیٰ اور محرم کے دنوں میںہمیں ایک بار پھر احتیاط کرنا ہوگی۔ حکومت کی سماجی فاصلوں کی ہدایات اور ایس اوپیز پر مکمل عمل کرنا ہوگا تب ہی ہم اس سے کرونا وباء کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یوسی 20کے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں میں شناختی تقسیم کئے ۔