ویرات کوہلی کو گرفتار کیا جائے، مدراس ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر

بھارتی کپتان اور اداکارہ تمنا بھاٹیا کی جانب سے آن لائن جوا کروانیوالی ایپلیکیشن کے استعمال سے نئی نسل خراب ہورہی ہے: پٹیشن کا متن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 31 جولائی 2020 20:57

ویرات کوہلی کو گرفتار کیا جائے، مدراس ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر
مدراس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31جولائی 2020ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ تمنا کو جوئے کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کرنے کیلئے مدراس ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی ہے جس کی سماعت 4 اگست کو ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق چنائی سے ًتعلق رکھنے والے ایک ایڈووکیٹ نے اپنی پٹیشن میں آن لائن جواءکرانے والی ایپلی کیشن پر پابندی لگانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وجہ سے نئی نسل جوئے کی لت میں مبتلا ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ویرات کوہلی اور تمنا جیسی معروف شخصیات کی جانب سے ان ایپلی کیشن کے استعمال کی تشہیر اسے مزید دلفریب بنا رہی ہے اور ایسا کرنے پر دونوں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے، پٹیشن کی سماعت 4 اگست کو ہو گی۔ واضح رہے کہ 31 سالہ ویرات کوہلی عمدہ کارکردگی کے باعث اپنا لوہا منوا چکے ہیں جنہوں نے 86 ٹیسٹ میچز میں 7240 رنز، 248 ون ڈے میچز میں 11867 رنز اور 82 ٹی ٹونٹی میچز میں 2794 رنز بنا رکھے ہیں ۔