شام کا ترکی میں آیاصوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنے پر احتجاج

صدر بشارالاسد نے شام میں عیسائی آبادی والے شہر السقیلبیعہ میں آیاصوفیہ چرچ بنانے کا اعلان کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 31 جولائی 2020 23:04

شام کا ترکی میں آیاصوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنے پر احتجاج
دمشق (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-31جولائی2020ء) شام کا ترکی میں آیاصوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنے پر احتجاج، شام کے صدر بشارالاسد نے شام میں عیسائی آبادی والے شہر السقیلبیعہ میں آیاصوفیہ کی نقل آیاصوفیہ چرچ بنانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر بشار الاسد کی سربراہی میں شامی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ترک حکومت کی جانب سے تاریخی عمارت کو ایک میوزیم سے مسجد میں بدلنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آیاصوفیہ کی نقل تیار کرے گی۔

آیاصوفیہ چرچ کی تعمیر جو وسطی صوبہ حما میں ہورہی ہے ،اس میں شام کا حلیف ملک روس اسکی مدد کرے گا۔ لبنان کے خبر رساں ادارے المومن کے مطابق اس عمارت کا خیال صوبے کے اندر حکومت کے حامی وفادار ملیشیا کے رہنما نبیل ال عبد اللہ نے پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

نیکولوس بالبکی میں یونانی آرتھوڈوکس چرچ کے میٹروپولیٹن بشپ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب آیا صوفیہ کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب یہاں عید کی نماز ادا کی گئی ہے۔اس موقع پر ترکی کے مسلمانوں کی جانب بہت خوشی کا اظہار کیا گیا۔آیا صوفیہ میں نماز ادا کرنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسلم ممالک کی جانب سے آیا صوفیہ میوزیم کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے اقدام کو انتہائی خوش آئند قراردیا گیا تھا۔

ترکی کے شہر استنبول کی معروف مسجد آیا صوفیہ میں 86 برس بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔اس موقع پر لاکھوں فرزندان توحید نماز جمعہ پڑھنے کیلئے آیا صوفیہ پہنچے ،یوں لگ رہا تھا جیسے پورا استنبول ہی نماز کیلئے امڈ آیا ہو، نماز سے قبل خطبہ ہوا اور ترک صدر نے تلاوت بھی کی۔ طویل عرصے بعد جب مسجد کے میناروں سے اذان کی پرسوز صدا بلند ہوئی تو کئی آنکھیں اشک بار ہوگئیں اور روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔

رات سے ہی لوگوں نے مسجد کے باہر ڈیرے ڈال لیے تھے۔ تاہم ڈیڑھ ہزار نمازیوں کی گنجائش ہونے اور مسجد میں جگہ نہ ملنے کے باعث لاکھوں شہریوں نے باہر گلیوں اور سڑکوں پر نماز پڑھی۔ نماز جمعہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان، وزرا، اعلیٰ شخصیات اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔ ترکی کی اعلیٰ عدالت کونسل آف اسٹیٹ نے استنبول میں واقع تاریخی عمارت آیا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کا فیصلہ سنایا۔