صوابی ،عید الاضحی کے موقع پر دریائے سندھ میں نہانے ،ٹریفک حادثات میں چودہ نوجوان جاں بحق ،سات زخمی

پیر 3 اگست 2020 18:10

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) ضلع صوابی میں عید الاضحی کے موقع پر دریائے سندھ میں نہانے اور ٹریفک کے مختلف حادثات میں چودہ نوجوان جاں بحق جب کہ سات زخمی ہو گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل کے حادثے میں جواد علی ولد فضل مومن سکنہ بام خیل شدید زخمی ہو گیا ۔ جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔

جہانگیرہ کنڈ پارک روڈ پر موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں اویس خان ولد قمر خان سکنہ جلسئی جاں بحق ہو گیا ۔ بام خیل بائی پاس کے مقام پر موٹر سائیکل پر بچوں سمیت سسرا ل ٹوپی جانے والا نوجوان سائیکل کو بچاتے ہوئے دیوار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شبیر احمد سکنہ مانیری پایاں جاں بحق جب کہ اس کی بیوی شدید زخمی ہو گئیں۔

(جاری ہے)

اسی طر ح دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے سے دونوں پر سوار نوجوان انیس سالہ شہزاد سکنہ جلال اور محمد طیب سکنہ ساندوہ بھی جاں بحق ہو گئے۔

دریں اثناء ہنڈ کے مقام پر دریائے سندھ میں نہانے کے دوران ریسکیو1122کا اہلکار شیروز جیکف ولد حامد جیکف ( کمپیوٹر آپریٹر) سکنہ یکہ توت پشاور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا وہ مہمند ایجنسی میں ڈیوٹی پر معمور تھے ۔ سیرو تفریح کے لئے دریائے سندھ سے لطف اندوز ہونے کے لئے موضع ہنڈ صوابی آئے تھے ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے لاش کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد آبائی گائوں روانہ کر دی۔

ٹریفک کے ایک اور حادثے میں ندیم خان سکنہ گوہاٹی صوابی جاں بحق ہو گئے وہ گذشتہ ہفتے ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ۔ دریائے سندھ میں نہانے کے دوران آمین اللہ سکنہ تورڈھیر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا دریں اثناء موضع آدینہ بنگلہ دیش میں دو موٹر سائیکل کے مابین تصادم کے نتیجے میں آٹھارہ سالہ محمد علی اور اکیس سالہ ارشاد زخمی ہو گئے۔

مینئی چوک صوابی ٹوپی روڈ پر رکشہ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بیس سالہ نوجوان محمد قیوم سکنہ گدون شدید زخمی ہو گیا صوابی مردان روڈ پر شیوہ آڈہ کے مقام پر موٹر سائیکل حادثے میں بیس سالہ عبداللہ اور اکیس سالہ محمد زیب زخمی ہو گئے۔ صفدر چوک کوٹھا کے مقام پر اکیس سالہ نوجوان کامران موٹر سائیکل کے حادثے میں زخمی ہو گئے ۔ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دی۔