کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول ہوجانے پر سکول 15 ستمبر سے کھول دیے جائینگے‘ وزیر تعلیم پنجاب

سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں جس سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا‘ مراد راس

بدھ 5 اگست 2020 16:06

کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول ہوجانے پر سکول 15 ستمبر سے کھول دیے جائینگے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول ہوجانے پر سکول 15 ستمبر سے کھول دیے جائیں گے، سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکول کھلنے کا دارو مدار کرونا وبا ء پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں، ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔مراد راس نے مزید کہا کہ 15 ستمبر سے پہلے اسکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔علاوہ ازیں ایس او پیز کے تحت ایک ڈیسک پر 3 کے بجائے 2 طلبا کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بچوں کو حساب، انگریزی اور سائنس مضامین پڑھائے جائیں گے اور باقی مضامین کا کام گھروں میں کرنے کے لیے دیا جائے گا۔محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے ایس او پیز کے مطابق ہر سکول میں بچوں کے ہاتھ سینی ٹائزر سے دھونے کا انتظام لازمی کیا جائے گا، سینی ٹائزر سکولز اپنے بجٹ سے خریدنے کے پابند ہوں گے۔