پاکستان کا بھارتی جاسوس کلبھوشن کے معاملے پربھارت سے دوبارہ رابطہ

بھارت کو کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل مقررکرنے کی دوبارہ پیشکش کی گئی ،ترجمان دفتر خارجہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 6 اگست 2020 13:28

پاکستان کا بھارتی جاسوس کلبھوشن کے معاملے پربھارت سے دوبارہ رابطہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06اگست2020ء) پاکستان نے بھارتی دہشتگرد کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت سے دوبارہ رابطہ کیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت کو کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش کی گئی ہے۔،ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت سے رابطہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے حکومت پاکستان کو بھارت اور کلبھوشن یادیو کو ایک بار پھر قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی پیشکش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی ہی. کلبھوشن یادیو کو وکیل کرنے کی حکومت پاکستان کی درخواست پر سماعت سے قبل ہائیکورٹ میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے،سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید سے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کلبھوش کیس کا پس منظر بتانے کی ہدایت کی جس پر اٹارنی جنرل نے دلائل دیئے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو غیر قانونی طور پر پاکستان داخل ہونے پر گرفتار کیااور اس نے را کے ایما پر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، کلبھوشن نے مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان میں جاسوسی کا بھی اعتراف کیا، جس پر ملٹری کورٹ نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کر کے سزا سنائی،8 مئی 2017 کو بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیااور ویانہ کنونشن کی خلاف ورزی کرنے اور قونصلر رسائی نہ دینے جیسا الزام لگایا، کلبھوشن یادیو کو سزائے موت کے خلاف نظرثانی اپیل کا پورا حق دے دیا،عالمی عدالت کی ہدایت پر کلبھوشن یادیو کو2 مرتبہ قونصلر رسائی دی گئی، کلبھوشن یادیو اور بھارت نے وکیل کی سہولت لینے سے انکار کیا،بھارت عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے بھاگ رہا ہے،عالمی عدالت انصاف نے سزائے موت پر حکم امتناع جاری کیا جو آج بھی موجود ہے، چیف جسٹس نے استفسارکیاکہ کیا سزائے موت پر عمل درآمد کے خلاف سٹے آرڈر اب بھی موجود ہی جس پر اٹارنی جنرل نے کہاکہ جی سزائے موت پر عالمی عدالت انصاف کا سٹے آرڈر موجود ہے،عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرڈی نینس جاری کر کے سزا کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا موقع دیا گیا،بھارت کو دو بار کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دی گئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ کیا بھارت نے قونصلر رسائی دونوں بار قبول کی،جس پر اٹارنی جنرل نے کہاکہ بھارت نے دو بار قونصلر رسائی لی جبکہ تیسری بار رسائی نہیں لی گئی،بھارت عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے بھاگ رہا ہے،بھارت یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی نہیں دی جا رہی،پاکستان یقینی بنانا چاہتا ہے کہ وہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق اپنا فریضہ پورا کرے