ایس ایم منیر،زبیرطفیل،خالدتواب کا غلاف کعبہ اور دیگر نوادرات کی نمائش کا دورہ

یونائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنمائوں کاچیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویرالیاس خان کو خراج تحسین

جمعرات 6 اگست 2020 18:43

ایس ایم منیر،زبیرطفیل،خالدتواب کا غلاف کعبہ اور دیگر نوادرات کی نمائش ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت (ایف پی سی سی آئی)کے سابق صدر اوریونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وباء کی وجہ سے لوگ خانہ کعبہ اور روضہ رسول ﷺ نہیں جاسکے اور انہیں حج وعمرہ کی ادائیگی کاموقع نہیں مل سکا ان حالات میں غلاف کعبہ،پردہ باب الکعبہ،چادر روضہ رسول ﷺ اوردیگر متبرکات کی زیارت سے لوگوں کوسینتورس مال میں روحانی سکون کے حصول کا موقع مل رہا ہے اور ہم اس سہولت کی فراہمی کیلئے سردار تنویر الیاس خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینتورس مال میں غلاف کعبہ،پردہ باب الکعبہ،چادر روضہ رسول ﷺ اوردیگر متبرکات کی زیارت کے موقع پر کیا۔اس موقع پر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سردار تنویرالیاس خان ،یو بی جی کے سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،چیئرمین سندھ زون خالدتواب اور دیگرتاجر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایممنیر نے کہا کہ کسورونا کی وجہ سے معیشت بری طرح سے متاثر ہوئی ہے لیکن اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں البتہ آنے والے دنوں میں وائرس سے بچائو کیلئے ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ایس او پیز پر مکمل طور سے عملدرآمد کیا جائے۔

ایس ایم منیر ،زبیرطفیل اور خالدتواب نے سردار تنویرالیاس خان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے زنہیں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی سربراہی سونپی اور وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کامیاب رہے ہیں۔