دُبئی کے پولیس اہلکار نے خطرناک مجرم کی لاکھوں درہم کی رشوت ٹھُکرا دی

سارجنٹ زائد قائد عبدالرحیم کو رب نے ایمانداری کا انعام دے دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 اگست 2020 12:09

دُبئی کے پولیس اہلکار نے خطرناک مجرم کی لاکھوں درہم کی رشوت ٹھُکرا ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 اگست 2020ء) دُبئی کی ریاست کو جرائم سے پاک رکھنے میں کامیابی کا سہرا دُبئی پولیس کے سر جاتا ہے، جس کے ایماندار اور فرض شناس اہلکار اپنی ڈیوٹی کو مشن کی طرح نبھاتے ہیں، اور کسی بھی طرح کی بدعنوانی یا جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی میں ملوث نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ دُبئی یہاں بسنے والے مقامی اور تارکین کے علاوہ سیاحوں کے لیے بھی ایک محفوظ ترین مقام بن چکا ہے۔

دُبئی پولیس کے ایک اور اہلکار نے ایسا کارنامہ سرانجام دیا ہے جس سے پورے محکمے کی عزت اور شان میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دُبئی پولیس کے سارجنٹ زائد قائد عبدالرحیم نے ایک مجرم کی جانب سے کی جانے والی رشوت کی بھاری پیشکش کو نہ صرف ٹھکرا دیا بلکہ اسے گرفتار بھی کروا دیا۔

(جاری ہے)

سارجنٹ عبدالرحیم بُر دُبئی پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں۔

کچھ عرصہ قبل سائبر کرائمز میں ملوث گینگ کے سربراہ نے عبدالرحیم کو آفر کی کہ اگر وہ ان کے ساتھ مل کر ناجائز کاموں میں مدد دے تو وہ اسے ایک لگژری کار، پچاس ہزار درہم اور ایک قیمتی گھڑی بطور رشوت دیں گے، اور اس کے علاوہ انہیں 20ہزار درہم ماہانہ بھی ادا کیے جائیں گے۔ یہ آفر اتنی شاندار تھی کہ اس پر بڑے بڑے ایمانداروں کا ایمان ڈول جائے۔

مگر فرض شناس سارجنٹ عبدالرحیم نے فیصلہ کیا کہ وہ اس شخص کو گرفتار کروا دیں گے کیونکہ یہ پہلے سے پولیس کو مطلوب تھا اور رُوپوش ہو گیا تھا۔ سارجنٹ عبدالرحیم نے اُوپر اُوپر سے اس شخص کی پیش کش قبول کرلی اور ساتھ ہی اپنے اعلیٰ افسران کو بھی سارے معاملے سے آگاہ کر دیا۔ افسران کی جانب سے عبدالرحیم کو ہدایت دی گئی کہ اس شخص کا اعتماد حاصل کر کے اس سے راز اُگلوائے جائیں اور اس کے ٹھکانے کا پتا چلایا جائے تاکہ اس مطلوب شخص کو گرفتار کیا جا سکے۔

چنانچہ سارجنٹ عبدالرحیم نے اس شخص کے اثاثوں کی معلومات اور گینگ کے دیگر افراد کا پتا چلوا کر ساری تفصیلات سے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کر دیا۔ پولیس کی ایک ٹیم نے ملزم کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔ جبکہ سارجنٹ عبدالرحیم کو اس کی فرض شناسی اور ایمانداری کے صلے میں فرسٹ سارجنٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، اس تقریب میں اسے بیج آف آنر سے بھی نوازا گیا۔ 

متعلقہ عنوان :