اپوزیشن جماعتیں حکومت کے نہیں بلکہ ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں‘ ہمایوں اختر خان

اتوار 9 اگست 2020 13:30

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موڈیزکاپاکستان کی ریٹنگ بی تھری ور آئوٹ لک مستحکم کرناحوصلہ افزا ہے، کرونا وباء کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری کو تسلیم کیاگیا ہے جس سے ثابت ہو گیا کہ وزیر اعظم عمران خان وژن رکھنے والے لیڈر ہیں اور انہوںنے بروقت اور درست فیصلے کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 131 کے پارٹی رہنمائوں اور اکابرین سے ملاقات اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ہمایوں اختر خان نے حلقے کے مسائل کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی اور یقین دہانی کرائی کہ انہیں حل کرایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں ، کوئی اپنی سیاست بچانے کیلئے دوسرے کا کندھا استعمال کرنا چاہتا ہے تو کوئی اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاست کو تقویت دینا چاہتا ہے ، بظاہر اپوزیشن رہنما ایک دوسرے سے خوش دلی اور مسکراہتے ہوئے چہروں سے ملتے ہیں لیکن در حقیقت اپنے مفادات کو ایک دوسرے سے چھپاتے ہیں اور ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں، جمہوری نظام میں اپوزیشن کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہوتاہے لیکن موجودہ اپوزیشن ملک و قوم کے مفاد میں تجاویز دینے کی بجائے ہر وقت کرپشن کو بچانے کا واویلا کرنے میں لگی ہوئی ہے۔