ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیاں کرکے امن خراب کرنا چاہتے ہیں،مصطفی کمال

بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے والے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں لیکن ملک کے دفاع کے لیے عوام پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے،سربراہ پی ایس پی

پیر 10 اگست 2020 22:58

ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیاں کرکے امن خراب کرنا چاہتے ہیں،مصطفی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے چمن میں مال روڈ پر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دکھ، تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ہاؤس سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیاں کرکے ملک کے امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں بالخصوص بلوچستان کے عوام نے بے تحاشہ جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے کی مذموم سازش کرنے والے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں لیکن ملک کے دفاع کے لیے پاکستان کی عوام افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔ پاکستانی قوم ملی یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست سے دوچار کر دے گی۔ مصطفیٰ کمال نے دھماکے کی تحقیقات اور مجرمان کے فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے شہید افراد کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی