آرٹس کونسل نے یوم آزادی کی مناسبت سے قومی جذبے سے بھرپور ملی نغمہ ’’زندگی ہے پاکستان‘‘ریلیز کر دیا

مجھے یقین ہے کہ نوجوان نسل بہت ذہین ہے، پاکستان کا مستقبل بہت اچھا ہو گا۔ انور مقصود

منگل 11 اگست 2020 23:32

آرٹس کونسل نے یوم آزادی کی مناسبت سے قومی جذبے سے بھرپور ملی نغمہ ’’زندگی ..
کراچی۔11 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) معروف دانشور انور مقصود نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ نوجوان نسل بہت ذہین ہے، پاکستان کا مستقبل بہت اچھا ہو گا، یوم آزادی کی مناسبت سے جاری ہونے والے ملی نغمے میں بھی یہی سوچ ،امید اور پیغام ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر جاری ہونے والے نئے ملی نغمے’’زندگی ہے پاکستان‘‘کی تعارفی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، سیکریٹری اعجاز فاروقی اور نغمے کے ڈائریکٹر سہیل جاوید نے بھی خطاب کیا ۔ آرٹس کونسل کی پروڈکشن تلے جاری ہونے والے نغمے کے بول کے پس منظر کا آغاز اور اختتام انور مقصود کے شارٹ سے ہوا جبکہ 1947 کی ہجرت، اور پاکستان کے شہروں دیہاتوں سمندر اور دریائوں، صنعتوں اور کھیتوں کو دیکھایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ آزادی کا جشن اسکردو سے لے کر کراچی تک ہر شخص مناتا ہے لیکن آرٹس کونسل کا انداز مختلف ہے۔ ملی نغمے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ نعمہ معروف رائٹر صابر ظفر نے لکھا اور شفقت امانت علی کی آواز میں رکارڈ کیا گیا جبکہ نعمہ میں انور مقصود پورے عہد کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نعمہ گورننگ باڈی آف آرٹس کونسل نے پروڈیوس کیا اور میوزک واجد سعید نے دیا جبکہ ڈائریکشن کے فرائض دور حاضر کے نمایاں ڈائریکٹر سہیل جاوید نے انجام دئییہیں۔ سیکرٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں خصوصی طور پر آرٹس کونسل کا بے حد شکرگزار ہوں ،اتنا عرصہ سب لوگ گھروں میں مقید رہے اب ایسا موقع ملا ہے کہ لوگ آزادی کے جشن میں شریک ہوسکتے ہیں۔حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل جاوید نے کہا کہ میں مثبت سوچ رکھتا ہوں اور یہ نعمہ بھی اسی طرز کاہے، جب کوئی ملی نغمہ بنایا جاتا ہے تو جذبے کے ساتھ بنایا جاتا ہے۔