امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے سیاہ فام خاتون کو نائب صدر نامزد کردیا

بدھ 12 اگست 2020 22:25

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2020ء) امریکا میں صدارتی انتخاب کے لیے ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے نائب صدر کے لیے سیاہ فام کملہ دیوی ہیرس کو نامزد کیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدارتی انتخاب کے لیے جاری مہم زوروں پر ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کیلیفورنیا کی سینیٹر کملہ ہیرس کو نائب صدر کے لیے نامزد کیا ہے،امریکی تاریخ میں اس عہدے کے لیے پہلی بار کسی سیاہ فام خاتون کو نامزد کیا گیا ہے۔

موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایک بار پھر صدارتی انتخاب کے لیے امیدوار ہیں اور ان کے مدمقابل جو بائیڈن بھی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ 77 سالہ جوبائیڈن نے جیت کی صورت میں ملک کے نائب صدر کے لیے اپنی جماعت کی سیاہ فام سینیٹر کملہ ہیرس کو نامزد کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سیاہ فام شہری کی پولیس کی حراست میں موت پر عالمگیر احتجاج ہوا تھا جس کے بعد جوبائیڈن پر غیر سفید فام عورت کے انتخاب کے لیے دبائو بڑھ گیا تھا۔

کملہ ہیرس کی نامزدگی سے جوبائیڈن کو سیاہ فام، ایشیائی اور نسل پرستی کیخلاف متحرک سفید فام شہریوں کے ووٹ ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔55 سالہ سینیٹر کملہ ہیرس کی والدہ کا تعلق بھارت کے برہمن خاندان سے تھے، جو تعلیم کی غرض سے امریکا آئی تھیں اور ایک افریقی شخص سے شادی کی تھی جن سے دوبیٹیاں ہوئیں تاہم طلاق کے بعد دونوں بیٹیوں کی پرورش ماں نے بطور سیاہ فام لڑکیوں کی تاہم کملہ ہیرس کو جنوب ایشیائی بالخصوص بھارتی ثقافت پسند ہے۔