پورے ملک میں یوم آزادی ملی جوش جزبے اور قومی یگانگت کے ساتھ منایا جارہا ہے ، مراد خان کاسی

جشن آزادی تجدید عہد کا دن ہے ،منانے کا مقصد پوری دنیا کو پیغام دینا ہے ہم ایک عظیم قوم ہیں، ڈی سی کچھی

جمعہ 14 اگست 2020 17:49

بولان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) ملک بھر کی طرح ضلع کچھی کے ضلعی ہیڈکوارٹر ڈھاڈر میں بھی یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا اس سلسلے میں مرکزی پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر کچھی آفس ڈھاڈر میںمنعقد ہوئی جہاں پولیس اور لیویز کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی ڈپٹی کمشنر کچھی مراد خان کاسی، ایس ایس پی کچھی سید جاوید اقبال غرشین نے پرچم کشائی کی اور ڈی سی آفس کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے اس موقع پر ضلعی سول اور انتظامی آفیسران کے علاوہ دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے بھی کثیر تعداد موجود تھے تقریب سے ڈی سی کچھی مراد خان کاسی اور ایس ایس پی کچھی بولان سید جاوید اقبال غرشین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے ملک میں یوم آزادی ملی جوش جزبے اور قومی یگانگت کے ساتھ منایا جارہا ہے جشن آزادی تجدید عہد کا دن ہے اس دن کو منانے کا مقصد پوری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں ہماری بزرگوں نے اس ملک کی آبیاری اپنی خون سے کی اس ملک کو حاصل کرنے کیلئے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سمیت دیگر نے انتھک محنت اور جدوجہد کے بعد ہمیں آزادی جیسی نعمت ملک پاکستان کی صورت میں ملی ہمیں اپنے اکابرین کی خون اور قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے دنیا میں وہی قومیں اپنا وجود برقرار رکھتی ہیں جنہوں نے آزادی حاصل کرنے کے بعد اسکی قدر کی برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی کل کو ہمارے آج کیلئے قربان کیا تھا پاکستان کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھر پڑی ہے آئیں اس دن کی مناسبت سے آج ہم سب عہد کریں کہ اس ملک سلامتی،تعمیر ترقی اور کوشحالی کیلئے ہمیں مشترکہ کردار ادا کرنا ہے جوکہ ہمارا قومی فریضہ بھی ہے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کچھی مراد خان کاسی کی سربراہی میں فلیگ مارچ کیا گیا اورانتظامی آفیسران اور اہلکاروں میں کارکردگی سرٹیفکٹ بھی تقسیم کیئے گئے۔